ڈی جی ایف آئی اے عہدے سے برطرف

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محمد عملیش کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد ان کے عہدے سے ہٹایا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ چوہدی نثار علی خان نے کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ اجلاس کے دوران اُن رپورٹس پر برہم نظرآئے جو میڈیا کو لیک ہوئیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی انکوائری کروائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد عملیش نے مبینہ طور پر کہا، ‘ایسا لگتا ہے کہ میں نے آپ کا اعتماد کھو دیا ہے’، جس پر وزیرداخلہ نے جواب دیا، ‘میں آپ سے بعد میں بات کروں گا’۔

تاہم کچھ ہی گھنٹوں بعد محمد عملیش کو ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

سرکاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے ایف آئی اے سے ایجنسی کی تنظیم نو کے لیے طویل، درمیانے اور مختصر مدت کی منصوبہ بندی پیش کرنے کو کہا جبکہ ان منصوبوں کے لیے مقرر وقت کی بھی وضاحت کرنے کو کہا گیا۔
یاد رہے کہ محمد عملیش کو رواں برس 22 مارچ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا سربراہ تعینات کیا گیا تھا۔

محمد عملیش آئی جی بلوچستان پولیس، پنجاب پولیس اسپیشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جی، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب پولیس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب پولیس اور کیپیٹل سٹی پولیس (سی سی پی او) لاہور کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

محمد عملیش ایس ایس پی موٹر وے اور نیشنل ہائی وے بھی رہ چکے ہیں، جبکہ انہوں نے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی فرائض انجام دیئے۔

پنھنجي راءِ لکو