پاکستان کی علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں تاہم ملامنصور کو نشانہ بنانے کا مقصد پیغام دینا تھا کہ جو لوگ تشدد کرتے ہیں انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں جب کہ پاکستان سے رابطے میں تھے اور طالبان رہنما ملا اختر منصور پر حملے سے متعلق پاکستان سے بات بھی ہوئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ملامنصور کے ایران جانے سے متعلق کوئی علم نہیں جب کہ ملامنصور طالبان کو مذاکرات سے روک رہے تھے، انہیں نشانہ بنانے کا مقصد تشدد کرنے والوں کو سخت پیغام دینا ہے اور یہ بتانا ہے کہ جو لوگ تشدد کرتے ہیں انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔
ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ملا اختر منصور پر حملہ پاک افغان بارڈر پر ہوا لیکن امریکی ترجمان نے حملے کی اصل جگہ بتانے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی حکام نے امریکی ڈرون حملے میں ملا منصور کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا جس پر طالبان رہنماؤں سمیت امریکی محکمہ دفاع کے ادارے پینٹاگون نے بھی ملا منصور پر حملے کی تصدیق کی تھی جب کہ آج امریکی صدر نے ملامنصور کے امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے کی تصدیق کردی۔

پنھنجي راءِ لکو