امریکی دھمکیوں کے بعد پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطرے میں ،ڈرون حملوں پر وزارت خارجہ کا رسمی احتجاج کافی نہیں :حافظ سعید

مانسہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) جماعۃالدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے خطہ میں بالادستی کے بھارتی عزائم خاک میں مل گئے، بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی دہشت گردی کے ذریعہ وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،بیرونی قوتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتی ہیں،بلوچستان میں ڈرون حملہ پاکستان کیخلاف کھلا اعلان جنگ ہے۔

مانسہرہ میں ’’یو م تکبیر ‘‘کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ پاک چین تجارتی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے بھارت کروڑوں ڈالر خرچ کر رہا ہے،امریکی دھمکیوں کے بعد پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطرے میں ہے،ڈرون حملوں پر وزارت خارجہ کا رسمی احتجاج کافی نہیں اس لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دولخت کرنے کا اقرار ،بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کی منصوبہ سازی اورپاکستان کو بنجر بنانے کی سازشیں کرنے والا بھارت بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے،جبکہ انڈیا کی زبان بولنے والا امریکہ اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔

حاٖفظ سعید کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے کرتے وقت جس طرح بیرونی دباؤ کو کسی خاطر میں نہیں لایا گیا بالکل اسی طرح آج بھی دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے جرآت و استقامت کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے، کشمیریوں نے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پاکستانی پرچم لہرا کر وطن عزیز پاکستان سے گہری محبت کا ثبوت دیا ہے،کشمیری آج پاکستان زندہ باد ریلیاں نکال رہے ہیں، ان کی جانب سے بار بار پاکستانی پرچم لہرانا خوش آئند ہے، کشمیری قوم کو اس بات کی یقین دہانی کروانے کی ضرورت ہے کہ پوری پاکستان قوم ان کے ساتھ ہے۔

پنھنجي راءِ لکو