وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں اوپن ہارٹ سرجری آج ہوگی

لندن: وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری آج ہوگی جس کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جب کہ ان کے اہل خانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اورحمزہ شہباز سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی لندن میں موجود ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹروں نے ان کے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم کی اوپن ہارٹ سرجری لندن کے مقامی اسپتال میں ہوگی، جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ۔
ڈاکٹروں نے وزیراعظم کے کئی ٹیسٹ مکمل کرلیے ہیں اور اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو ایک ہفتے اسپتال میں قیام کرنا ہوگا جب کہ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد ہی وزیراعظم وطن واپسی کے لیے سفر کرسکیں گے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کے لئے لاکھوں لوگ ان کے لیے دعاگو ہیں، انشا اللہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے کیوں کہ دعائیں ادویات سے زیادہ موثر ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے آپریشن سے ایک دن قبل لندن میں حکومتی امور نمٹائے جس میں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے بجٹ اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نوازشریف کے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت وفاقی وزرا نے وزیراعظم سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے دعا کی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا سمیت سیکریٹریز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پنھنجي راءِ لکو