حجاج کرام کے حقوق اور مفادات کا مکمل تحفظ کر رہے ہیں ،الزامات بے بنیاد ہیں : ترجمان وزارت مذہبی امور

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارت مذہبی امورسپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق حجاج کرام کے حقوق اور مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔ تمام عازمین حج کیلئے سستے ترین اور معیاری حج کی ادائیگی کے لئے کوشاں ہیں۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امورنے بعض اخبارات میں ‘ہوپ’کی جانب سے شائع ہونے والے گمراہ کن اور بے بنیاد اشتہار کے جواب میں کہا کہ وزارت اس اشتہار کے مندرجات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی کہ حج گروپ آرگنائزرز کو غیر قانونی اور غیر ضروری پابندیوں میں الجھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے بہترین اور بے داغ حج انتظامات وزارت کے افسران کی مہارت اور قابلیت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کی تفصیل سے یہ بات واضح ہوجائے گی کہ کون حجاج کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات جانفشانی سے اپنا کام سر انجام دے رہا ہے اور کون ناجائز منافع خوری اورمن مانی کیلئے قانونی رکاوٹوں سے بچنے اور مظلومیت کے پردے میں چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ حج آپریشن سے متعلقہ تمام امور ایک ورک پلان کے تحت انتہائی کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچاتی ہے۔تاہم وزارت ان من گھڑت خبروں اور دو دفعہ دستخط کر کے مکر جانے کے باوجود بھی حجاج کے وسیع تر مفاد میں SPAکی ترمیم سے متعلق ہوپ سے بات کرنے کیلئے تیار ہے لیکن ہوپ کو چاہیئے کہ وہ تمامHGO گروپوں کو اعتماد میں لے کر اور ان سے بات کر کے وزارت سے رابطہ کر ے۔

پنھنجي راءِ لکو