نیوکلیئرسپلائرز گروپ میں شمولیت:بھارتی سیکرٹری خارجہ کے چین کے خفیہ دورے کا انکشاف

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر کے خفیہ دورہ چین کاانکشاف ہوا ہے جسدوران انہوں نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی حمایت کیلئے چین سے حمایت مانگی ہے۔
بھارتی اخبار دی ٹربیون کے مطابق نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے فیصلہ کن اجلاس سے ایک ہفتہ قبل بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکرنے16سے17جون تک چین کا دو روزہ خفیہ دورہ کر کے نہ صرف نیو کلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے حمایت مانگی ہے بلکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کسی بھی ملک کے رکن بننے کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
آج اتوارکوبھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اس دورے کی تصدیق کی گئی ہے۔بھارتی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگر24جون کوجنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہونے والے اجلاس میں بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت نہ دی گئی تو یہ مودی حکومت کیلئے بڑا سیٹ بیک ہوگا۔
ٹربیون کے مطابق اس سلسلہ میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی بھی تاشقندمیں ہونے والے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم بھارت کو شمولیت دلوانے کیلئے چین کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
بھارتی اخبار کے مطابق اگرچہ امریکہ اور برطانیہ بھارت کی حمایت کررہے ہیں تاہم چین بھارت کی جانب سے این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے کے باعث اس کی ممبرشپ کی مخالفت کررہا ہے۔ترکی جیسے دیگر ممالک کا بھی یہی موقف ہے کہ اگر ممبر شپ دینی ہے تو بھارت اور پاکستان دونوں کو ملنی چاہئے۔
بھارتی اخبار کے مطابق آخری مرحلوں پر کیا جانے والا ایس جے شنکرکایہ دورہ بھارت کی جانب سے چین کو منانے کی ایک آخری کوشش تھی جس میں یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ بھارت پاکستان کے ممبر بننے کی راہ میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گا۔
اخبار کے مطابق بھارتی حکومت ممبرشپ کے حصول کیلئے بھرپورکوششیں کررہی ہے اور وہ اس ممبرشپ کے حصول کو اپنے لئے بیحد اہمیت کا حامل قرار دے رہی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو