برطانیہ کی کریڈٹ ریٹنگ ‘منفی’ کردی گئی

واشنگٹن : یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد برطانیہ کو پہلا نقصان کریڈٹ رینٹنگ میں تنزلی کی صورت میں اٹھانا پڑا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکا میں قائم انویسٹرز سروس موڈیز نے برطانیہ کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کردی اور موقف اختیار کیا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کی صورت میں برطانوی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

موڈیز نے برطانوی معیشت کی کریڈٹ ریٹنگ ‘مستحکم’ سے ‘منفی’ کردی تاہم مجموعی طور پر اس کی درجہ بندی Aa1 برقرار رکھی گئی ہے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کے حامیوں کی کامیابی کے بعد برطانوی شرح نمو سست ہونے کا امکان ہے جبکہ اقتصادی پالیسی سازی اور ملکی نظام اخراجات بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ کو نئے سرے سے یورپی یونین سے تجارتی معاہدے کرنے ہوں گے اور اس تمام عرصے میں برطانیہ میں غیر یقینی صورتحال، اعتماد کا فقدان اور سرمایہ کاری کم رہے گی جس کے نتیجے میں شرح نمو بھی متاثر ہوگی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی معیشت میں بہتری کا دارومدار برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات پر منحصر ہوں گے، حکومت کی تبدیلی سے بھی ملک کے مالی معاملات میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

موڈیز کا یہ بھی کہنا ہے کہ برطانیہ کو اب یورپی یونین کے بجٹ میں حصہ نہیں ملانا پڑے گا تاہم اس سے ہونی والی بچت اتنی زیادہ نہیں ہوگی کہ وہ منفی اثرات سے نمٹ سکے۔

پنھنجي راءِ لکو