مرکزی کردار میری ترجیح نہیں:نوازالدین صدیقی

ممبئی(ویب ڈیسک)بولی وڈ میں بے شمار معاون کردار ادا کرنے والے نوازالدین صدیقی کا کہنا ہے کہ وہ خوش ہیں کہ انہیں حالیہ فلموں میں مرکزی کردار کرنے کا موقع ملا تاہم یہ کردار ان کی ترجیح نہیں ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق نواز الدین کا کہنا تھا ’میں اب سولو فلمیں کررہا ہوں لیکن میرے لیے سب سے زیادہ ضروری اسکرپٹ ہے جو دلچسپ ہونا چاہیے، میں مرکزی کرداروں کے پیچھے نہیں بھاگتا، یہ میری ترجیح بھی نہیں، اسکرپٹ ایسا ہونا چاہیے کہ آپ اس کے ساتھ جڑے رہیں‘۔

واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے ’بجرنگی بھائی جان‘، ’کک‘ اور ’تلاش‘ جیسی فلموں میں معاون کردار ادا کیے ہیں جنہیں مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔

اداکار نے اس بات پر بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ بہت سے فلم ساز اب ان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’مجھے بہت اچھا لگا کہ کئی فلم سازوں نے میرے کام کو سراہا اور میرے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، مجھے اب زیادہ کام مل رہا ہے، لیکن ایک اداکار ہونے کی حیثیت سے ہمیں کردار بہت سوچ سمجھ کر منتخب کرنے پڑتے ہیں‘۔

نوازالدین صدیقی اس وقت فلم ’رئیس‘ میں کام کررہے ہیں جس میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو