سلمان اور شاہ رخ مجھ سے بڑے اسٹارز ہیں، عامرخان

ممبئی(ویب ڈیسک)بولی وڈ انڈسٹری میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھی اداکار شاہ رخ خان اور سلمان خان ان سے بڑے سپر اسٹارز ہیں۔

بولی وڈ کے تینوں خانز کو ایک ساتھ دیکھنا کافی مشکل ہوتا ہے اور ان کی دوستی اور دشمنی کی کہانیاں اکثر میڈیا میں گردش کرتی رہتی ہیں۔

تینیوں ہی اداکاروں کی بہت بڑی فین فالوونگ ہے جو ہندوستان کے سب سے مضبوط اداکار مانے جاتے ہیں۔

ان میں سے کون زیادہ بڑا سپر اسٹار ہے یہ بتانا تو مشکل ہے لیکن عامر خان کے بقول وہ شاہ رخ اور سلمان سے پیچھے ہیں۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم ’دنگل‘ کا پوسٹر ریلیز کیا جس کی تقریب کے دوران جب ان سے سلمان اور شاہ رخ کے اسٹارڈم کے حوالے سے سوال کیا گیا تو عامر کا کہنا تھا ’جب سلمان اور شاہ رخ کمرے میں آتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کوئی اسٹار آیا ہے، مجھ میں یہ خصوصیات موجود نہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دونوں اداکاروں سے پیچھے ہیں اور سلمان، شاہ رخ ان سے بڑے سپر اسٹار ہیں۔

عامر خان اپنی فلم ’دنگل‘ میں مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی ریسلر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

’دنگل‘ رواں سال 23 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

پنھنجي راءِ لکو