عبدالستارایدھی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، صدر،وزراءاعلیٰ اور آرمی چیف سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

کراچی(اُردوپاور ڈاٹ کام)دکھی انسانیت کے خادم اور بین الااقوامی شہرت یافتہ معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی نمازِ جنازہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ مولانا احمد خان نیازی نے پڑھائی، صدر ممنون حسین، گورنر سندھ عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف،ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلا ل اکبراور کور کمانڈر کراچی سمیت نیول اور ایئر فورس کے سربراہان نمازِ جنازہ میں شریک تھے۔اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات تھی۔

عبدالستار ایدھی کے جسد خاکی کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے رینجرز ، نیوی اور پولیس کے دستوں کی نگرانی میں میٹھا در سے نیشنل سٹیڈیم لایا گیا اور انکے تابوت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔راستے میں ہزاروں افراد اپنے محسن کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے سڑکوں پر موجود تھے جن کی آنکھیں اشکبار تھیں ۔نیشنل اسٹیڈیم کی جانب والی شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند کی گئیں تھیں جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔جنازے میں شرکت کے لیے سندھ سمیت دوسرے صوبوں سے بھی لوگ کراچی آئے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، پاک سرزمین پارٹی، مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے سرکردہ رہنماوں سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق عبدالستار ایدھی کی وصیت کے مطابق انکی دونوں آنکھیں عطیا کر دی گئی ہیں جبکہ انکی تدفین بھی انہی کپڑوں میں کی جائیگی جو انہوں نے زیب تن کر رکھے تھے ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انکے جسد خاکی کو سلامی دی اور سلیوٹ کیا ۔ جسد خاکی اٹھتے ہیں نیشنل سٹیڈیم نعرہ تکبیر اور کلمہ شہادت کی صداؤں سے گونج اٹھا۔

“ویڈیو:بشکریہ ایکسپرس نیوز”

پنھنجي راءِ لکو