پاکستان آنے کے بعد وزیراعظم کو ملکی معاملات پر بریفنگ

لاہور: وزیراعظم نوازشریف نے لندن سے وطن واپسی کے ایک بعد رائیونڈ میں قریبی ساتھیوں سے ملاقات کی، جہاں انھیں ملکی سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم برطانیہ میں اوپن ہارٹ سرجری کرواکر صحتیاب ہونے کے بعد ہفتے کو پی آئی اے کے خصوصی طیارے سے وطن پہنچے۔

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ اس حوالے سے کسی قسم کا سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپنے قریبی ساتھیوں سے غیر رسمی ملاقات کی تھی تاکہ وہ طویل عرصے ملک سے دور رہنے کے باعث ملکی انتظامی معاملات سے فوری آگاہ ہوسکیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے سیاسی دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کامیاب آپریشن کے بعد وزیراعظم کے برطانیہ میں قیام کے دوران ان کی مشاورت سے اہم ملکی انتظامی امور چلائے جارہے تھے اور انہیں تمام معاملات کے بارے میں فوری پر آگاہ کیا جاتا تھا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے لندن میں ہی قومی مفادات کونسل اور بجٹ اجلاس کی صدارت کی تھی جبکہ انھیں پامانا لیکس پر اپوزیشن جماعتوں کے اختلافات اور الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کی نامزدگی سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی تھی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیر اعظم کو ملکی سیکیورٹی کی صورتحال خاص طور پر ضرب عضب، کراچی آپریشن، ملک میں افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے آغاز کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو آزاد کشمر میں انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر مخالف سیاسی جماعتوں کے عید کے بعد احتجاج کے منصوبوں کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔

پنھنجي راءِ لکو