برطانوی وزیرداخلہ تھریسامے رواں ہفتے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گی

لندن: برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بدھ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے جس کے بعد وزیر داخلہ تھریسامے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر توانائی اینڈریا لیڈسم کی جانب سے برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کرنے کے بعد برطانوی وزیر داخلہ تھریسامے کو برطانیہ کی اگلی وزیراعظم نامزد کرلیا گیا ہے جس کے بعد موجودہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بدھ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اس ہفتے اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوجائیں گے جس کے بعد برطانوی وزیر داخلہ تھریسامے ملک کی نئی وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی۔ ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کو ہاؤس آف کامن میں سوال جواب کے سیشن کے بعد وہ استعفیٰ دے دیں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزارت عظمیٰ کے لیے وزیر داخلہ تھریسامے اور وزیر توانائی اینڈریا لیڈسم میں مقابلہ تھا تاہم اینڈریا لیڈسم کی جانب سے اچانک دستبردار ہونے کا اعلان کردیا گیا جب کہ مارگیٹ تھریچر کے بعد وزیر داخلہ تھریسامے برطانیہ کی دوسری خاتون وزیراعظم ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ برطانوی عوام نے ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ سنایا تھا جس وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو