ڈبلیو ڈبلیو ای کا بروک لیسنر کو معطل کرنے پر غور

ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے مقبول ترین ریسلر بروک لیسنر پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیا ہے۔

جی ہاں یو ایس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ بروک لیسنر نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

اس خلاف ورزی کا علم ڈوپنگ ایجنسی کو اس وقت ہوا جب اس نے 28 جون کو بروک لیسنر کے نمونے حاصل کیے۔

اس ڈوپنگ ٹیسٹ کے ایک ہفتے بعد بروک لیسنر نے یو ایف سی 200 میں شرکت کرتے ہوئے مارک ہنٹ کو شکست دی تھی۔

تاہم ایجنسی کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ بروک لیسنر کے نمونے میں کیا خرابی نظر آئی ہے تاہم انہیں اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای نے بروک لیسنر کا کنٹریکٹ معطل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ بروک لیسنر نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی ویل نیس پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں تاہم ثابت ہونے پر انہیں ایک ماہ کے لیے معطل کیا جاسکتا ہے۔

اگر ڈبلیو ڈبلیو ای ایسا کرتی ہے تو بروک لیسنر کا سمر سلیم کے لیے ریسلنگ رنگ میں واپسی کا منصوبہ خطرے کی زد میں آسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اس ایونٹ میں بروک لیسنر نے رینڈی اورٹن سے مقابلہ کرنا ہے۔

اس سے پہلے بھی ڈبلیو ڈبلیو ای رومن رینز کو ویل نیس پالیسی کی خلاف ورزی پر ایک ماہ کے لیے معطل کیا جاچکا ہے تاہم ان کی واپسی بیٹل گراﺅنڈ ایونٹ میں متوقع ہے جہاں وہ سیٹھ رولنز اور ڈین امبروز کے ہمراہ ڈبلیو ڈبلیو ای ٹائٹل کے ٹرپل تھریٹ میچ میں شرکت کریں گے۔

پنھنجي راءِ لکو