آئی فون کے 3 نئے ماڈلز سامنے آنے کا امکان

ایپل کی جانب سے ہر سال ستمبر میں اپنے نئے آئی فون کو متعارف کرایا جاتا ہے مگر اس بار یہ کمپنی ایک یا دو نہیں بلکہ 3 نئی ڈیوائسز کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

جی ہاں ایپل سے متعلق لیکس جاری کرنے والی ویب سائٹ نو ویئر ایلس ڈاٹ ایف آر نے نئی تصاویر لیک کی ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ ایپل کی جانب سے اس سال تین آئی فون 7 متعارف کرائے جائیں گے۔

ان تصاویر کے مطابق ہر سال کی طرح اس بار بھی ایپل کی جانب سے 4.7 انچ کا آئی فون 7 اور 5.5 انچ کا آئی فون پلس ماڈل تو پیش کیا ہی جائے گا۔

تاہم اس کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے آئی فون سیون پرو نامی ماڈل بھی متعارف کرایا جائے گا جس میں ڈوئل رئیر کیمروں کو دیا گیا ہے۔

یہ رپورٹس پہلے بھی سامنے آچکی ہیں کہ ایپل کی جانب سے 5.5 انچ کے دو آئی فون 7 ماڈلز کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

تاہم یہ پہلی بار ہے کہ تصاویر سے عندیہ ملا ہے کہ آئی فون پلس میں بھی ایک ہی کیمرہ ہوگا جبکہ آئی فون پرو میں دو کیمروں کو دیا جائے گا۔

بظاہر یہ اقدام ایپل کی جانب سے سام سنگ کے گلیکسی ایس سیون، ایس سیون ایج اور آئندہ ماہ گلیکسی نوٹ 7 کے مقابلے پر کیا جارہا ہے۔

ان تصاویر میں نئے آئی فون کے بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں دی گئیں۔

ایپل کی جانب سے نیا آئی فون ستمبر میں متعارف کرائے جانے کی روایت ہے تاہم اس سال لگتا ہے کہ گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں کچھ زیادہ اہم ری ڈیزائننگ نہیں کی گئی تاہم ہیڈ فون جیک کو ضرور ختم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو