پاکستان میں ’ڈھشوم‘ پر پابندی، ورن دھون مایوس

ممبئی(ویب ڈیسک)بولی وڈ اداکار ورن دھون، جون ابراہم اور جیکولین فرنینڈز کی فلم ’ڈھشوم‘ ہندوستان میں ریلیز ہونے کے بعد تو توجہ حاصل کررہی ہے تاہم پاکستانی سنسر بورڈ نے اسے پاکستان میں ریلیز کرنے پر پابندی لگادی ہے۔

فلم ’ڈھشوم‘ دنیا بھر میں 29 جولائی کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تاہم پاکستان میں اس پر پابندی عائد ہونے کے بعد اداکار ورن دھون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ڈھشوم کے پاکستان میں ریلیز نہ ہونے پر کافی افسوس ہوا، مجھے نہیں لگتا کہ فلم میں کسی بھی ملک کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، یہ غلط فیصلہ ہے‘۔ فلم ’ڈھشوم‘ میں ویرات کوہلی سے متاثر ہوکر ایک کرکٹ کھلاڑی کو دکھایا گیا ہے جسے پاکستان اور ہندوستان کے فائنل میچ سے قبل اغوا کرلیا جاتا ہے اور جس کی بازیابی کے لیے اداکار حرکت میں آتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ورن دھون کا ایک تقریب کے دوران کہنا تھا کہ ان کی فلم پاکستان کے خلاف نہیں اور نہ ہی اس میں پاکستان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ورن کا کہنا تھا ’میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ فلم میں پاکستان یا کسی بھی کمیونٹی کو غلط انداز میں پیش نہیں کیا گیا، ہم اس سے یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ کچھ لوگوں کے لیے صرف پیسہ ہی ضروری ہے، فلم کسی ہندوستانی، پاکستانی، ہندو، مسلم یا عیسائی کے بارے میں نہیں، ہم جس سرمایہ دارانہ معاشرے میں رہتے ہیں وہاں ہر جرم کے لیے پیسہ ہی سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے‘۔

دوسری جانب اپنے ایک بیان میں ورن نے پاکستان آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ’حال ہی میں ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ایک دن وہ بھی پاکستان ضرور آنا چاہیں گے‘۔

پنھنجي راءِ لکو