شریف خاندان کو ہندوستان کے علاوہ کہیں پناہ نہیں ملے گی:ڈاکٹرطاہر القادری

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک (پیٹ) کے چیئرمین ڈاکٹرطاہر القادری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور ان کی خاندانی سیاست کو ملک سے مٹادیا جائے گا اور شریف خاندان کو ہندوستان کے علاوہ کہیں پناہ نہیں ملے گی۔

طاہر القادری نے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف، احتساب اور قصاص کو یقینی بنایا جائے گا اور حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں ہلاک ہونے والوں کے قصاص کا مطالبہ صرف پیٹ نہیں بلکہ تمام اپوزیشن جماعتیں کررہی ہیں۔

طاہر القادری نے پیٹ کے زیر اہتمام جی پی او چوک سے شروع ہونے والے ‘قصاص مارچ اور دھرنے’ سے ٹیلی فونک خطاب کیا جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان مسلم لیگ ق، پیپلز پارٹی ، مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم)، سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

پیٹ نے بیک وقت لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد اور گجرانوالہ میں احتجاجی تحریک کا اغاز کیا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ پیٹ نے ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کی ایماء پر پنجاب پولیس کے ہاتھوں 14 بے گناہوں کے قتل کا قصاص لینے اور پاناما لیکس میں نام آنے والوں کا احتساب کرنے کیلئے باضابطہ طور پر تحریک کا آغاز کردیا ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ حکمران دیکھیں کہ میری غیر موجودگی میں بھی کارکن کتنے پر جوش ہیں اور انہوں نے کہا کہ وہ جلد اس تحریک کا حصہ بنیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ قاتلوں اور لٹیروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

طاہر القادری نے کہا کہ ‘قوم کو اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان چاہتے ہیں یا سلطلنت شریفیہ جہاں بیوروکریسی اور نیب، ایف بی آر اور پولیس جیسے قومی اداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملکی قوانین سے چیک اینڈ بیلنس کا نظام ختم کردیا گیا ہے اور غریبوں اور ستائے ہوئے لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا۔

طاہر القاردی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ترقیاتی فنڈز کے نام پر اپنے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو اربوں روپے جاری کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حکمران پارٹی ورکرز کو ہر فورم پر اپنا دفاع کرنے کیلئے مراعات دے رہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے حامیوں کی گھٹیا چالیں نواز شریف کو نہیں بچا سکیں گی اور حکمرانوں کو جلد اپنا بوریا بستر لپیٹنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بالآخر وزیر اعلیٰ پنجاب کو ماڈل ٹائون کے 14 بے گناہ شہریوں کے قتل کا حساب دینا ہوگا۔

محمود الرشید نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے حکمرانوں کو انصاف کے کٹہرے پر لانے، کرپشن کو بے نقاب کرنے اور پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور ایلیٹ فورسز حکمرانوں کے تحفظ میں مصروف ہیں جبکہ غریب عوام کو مجرموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا، چوہدری ظہیر الدین اور دیگر اپوزیشن رہنمائوں نے بھی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کیا۔

پنھنجي راءِ لکو