جشن آزادی کی تیاری،خریداری کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے

کراچی(ویب ڈیسک)رواں برس جشن آزادی کے حوالے سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی خریداری نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ اس سال لوگوں میں یوم آزادی کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے اور وہ بڑے پیمانے پر جھنڈیاں، قومی پرچم، بیج اور دیگر اشیاء خرید رہے ہیں۔

اس کاروبار سے وابستہ تاجروں کے مطابق اس سال جشن آزادی کی مصنوعات کی فروخت گزشتہ برس کی نسبت دو گنا زیادہ ہیں۔

رواں برس جشن آزادی سے متعلق اشیاء کی فروخت کا آغاز جولائی کے وسط میں ہوا تھا تاہم گزشتہ برس ان کی فروخت یکم اگست سے شروع ہوئی تھی۔

کراچی میں امن عامہ کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر لگائے جانے والے اسٹالز کی فروخت میں 50 فیصد تک اضافہ ہوا۔

ساتھ ہی رواں برس جشن آزادی کی تقریبات، پرچم کشائی کی تقاریب، آتش بازی اور میوزیکل شوز اور سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی گزشتہ برس کی نسبت دوگنا ہونے کا امکان ہے۔

وی آئی پی فلیگز کے مالک شیخ نثار احمد پرچم والا نے بتایا کہ رواں برس ہماری فروخت میں گزشتہ برس کی نسبت 100 فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور ہم تمام اہداف حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی نسبت کراچی کے عوام میں جشن آزادی کے حوالے سے زیادہ جوش و خروش دکھائی دے رہا ہے۔

نثار پرچم والا نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ رواں برس کئی اسکولوں نے بھی 14 اگست کے حوالے سے پروگرامز کا انعقاد کیا ہے اور اس سال مذہبی اداروں اور مساجد کی جانب سے بھی جھنڈوں کی ڈیمانڈ آئی ہے جو 14 اگست کو پرچم کشائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے جھنڈوں اور دیگر اشیاء کی مانگ بہت ہی کم رہی ہے۔ جشن آزادی سے متعلق مصنوعات کی فروخت کے کاروبار میں رواں برس سرمایہ کاروں کی شمولیت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا جنہوں نے ہول سیل مارکیٹس سے کافی پہلے ہی مال اٹھالیے تھے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کا کہنا ہے کہ کراچی میں جشن آزادی کی مصنوعات کی فروخت اس سال تقریباً 10 ارب روپے رپی جو گزشتہ برس 5 ارب روپے تک محدود تھی جبکہ لاہور میں 2.5 ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً 5 ارب روپے ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جشن آزادی کی مصنوعات کی فروخت کا کل حجم 40 سے 50 ارب روپے کے درمیان ہوسکتا ہے جو گزشتہ برس 20 سے 25 ارب روپے تھا۔

عتیق میر نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان میں جشن آزادی کے حوالے سے فروخت ہونے والی زیادہ تر اشیاء جن میں جھنڈے، بیجز اور ٹی شرٹس وغیرہ شامل ہیں وہ چین سے تیار ہوکر آتی ہیں کیوں کہ وہاں کپڑے کی قیمت کم ہے اور مزدوری بھی کم دینی پڑتی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو