چوروں سے خود کو بچانے والا اسمارٹ فون

پاکستان جیسے ممالک میں موبائل فونز کا چھینا جانا بہت عام ہے لیکن کیا آپ ایسا اسمارٹ فون لینا پسند کریں گے جو اپنی حفاظت خود کرے یہاں تک کہ چھن جانے کے بعد بھی؟

اگر ہاں تو ایسا اسمارٹ فون تیار ہورہا ہے مگر آپ کو اسے خریدنے کے لیے اگلے سال تک انتظار کرنا ہوگا۔

جی ہاں ایپل 2017 میں ایک ایسا موبائل فون متعارف کروانے جارہا ہے، جو آئی فون جیسے فیچر سے لیس ہوگا اور فون کو چوری و ڈکیتی سے بچائے گا۔

اس حوالے سے ایپل نے یو ایس پیٹنٹ آفس میں ایک اپلیکشن کو رجسٹر کرایا ہے۔

اس اپلیکشن کے مطابق مستقبل کا آئی فون چوری یا چھینے جانے کی صورت میں مبینہ ملزم کی انگلیوں کے نشانات کو ٹچ آئی ڈی ہوم بٹن کے ذریعے ریکارڈ کرلے گا، جبکہ کیمرے سے اس کی تصویر اور ویڈیو بنالے گا، اسی طرح مائیکرو فون سے اس کی آواز تک ریکارڈ کرلے گا۔

اس طرح ایپل کمپنی آئی فون کو چوری یا چھیننے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

دوسری جانب ایپل اپنے اگلے سال کے آئی فون سے روایتی ہوم بٹن کو ہٹانے کے لیے بھی کام کررہی ہے۔

2017 میں آئی فون کے 10 سال مکمل ہورہے ہیں اور اس موقع پر توقع کی جارہی ہے کہ آئی فون مکمل طور پر تبدیل کر کے پیش کیا جائے گا اور اس میں سام سنگ کے گلیکسی فونز کی طرح ایج ٹو ایج پینل کو بھی شامل کیا جائے گا۔

پنھنجي راءِ لکو