فواد کی کمپنی میں مزہ آتا ہے، رنبیر کپور

ممبئی(ویب ڈیسک) کرن جوہر کی فلم ‘اے دل ہے مشکل’ کے حال ہی میں ریلیز ہونے والے ٹیزر میں رنبیر کپور اور فواد خان بظاہر لڑتے جھگڑتے نظر آئے لیکن رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ آف اسکرین وہ فواد کی کمپنی کو انجوائے کرتے ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ فواد خان کے ساتھ کام کرکے انھیں بہت مزہ آیا، انھوں نے بتایا ‘فواد بہت باصلاحیت ہیں اور شوٹنگ کے بعد ان کے ساتھ گھومنا پھرنا بہت دلچسپ لگتا ہے، ہماری اچھی دوستی ہوگئی ہے’۔

جب ‘اے دل ہے مشکل’ میں فواد کے مختصر کردار کی خبریں سامنے آئیں تو رنبیر کپور اس حوالے سے بہت پرجوش تھے، انھوں نے کہا، ‘مجھے امید ہے کہ فلم میں فواد کا کردار مزید بڑھ گیا ہے’۔ فلم انڈسٹری میں مقابلے کی فضا کے حوالے سے سوال کے جواب میں رنبیر کپور کا کہنا تھا، ‘مقابلہ اچھی چیز ہے اور یہ ہمیشہ ہونا چاہیے، یہ اُس وقت بھی تھا جب راج کپور (ان کے دادا)، دیو آنند اوردلیپ کمار اداکاری کرتے تھے، یہ صرف ہمیں اپنے آپ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے’۔

فلم ‘اے دل ہے مشکل’ کی کاسٹ میں رنبیر کپور کے ساتھ ایشوریا رائے، انوشکا شرما اور فواد خان بھی شامل ہیں۔

یہ فلم رواں برس 28 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

پنھنجي راءِ لکو