پاناما کیس؛ مریم نواز شریف نےبیرون ملک جائیداد سے انکار کر دیا ہے، چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد(آن لائن نیوز اردو پاور) پاناما کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے عدالت عظمیٰ کو بتایا ہے کہ مریم نواز شریف نے بیرون ملک اپنی کسی جائیداد سے انکار کردیا ہے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ پاناما کیس کی سماعت کررہا ہے، سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے چیئرمین ایف بی آر سے استفسار کیا کہ ایف بی آر نے پاناما پر وزارت خارجہ سے کب رابطہ کیا تھا ، پاناما لیکس پر آف شور کمپنیوں کے مالکان کو کب نوٹس جاری کئے تھے۔ جس پر ڈاکٹر ارشاد نے بتایا کہ 2 ستمبر 2016 کو 343 افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔
جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ حیرت کی بات ہے کہ دو سو گز کا فاصلہ طے کرنے میں آپ کو چھ ماہ کا عرصہ لگ گیا۔ چیرمین ایف بی آر نے جواب میں کہا کہ آف شور کمپنیوں پر صرف ڈائریکٹرز کا نام ہونا کافی نہیں ہوتا اس کے اور بھی تقاضے ہوتے ہیں، 49 کمپنمیاں ایسی ہیں جن کے ڈائریکٹرز کا تعلق پاکستان سے نہیں جبکہ 52 افراد ایسے ہیں جنہوں نے کمپنیوں کی ملکیت سے انکار کر دیا ہے۔ مریم نواز شریف نے انکار کر دیا ہے کہ ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد ہے ، ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی آف شور کمپنی کی مالک نہیں ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو