ٹیم کا مُرجھایا ہوا چہرہ ’شاداب‘ نظر آنے لگا

برج ٹاؤن / بارباڈوس(آن لائن نیوز اردو پاور) پاکستانی ٹیم کا مرجھایا ہوا چہرہ ’شاداب‘ نظر آنے لگا، کھلاڑیوں نے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تلخ یادیں بھلا دیں۔
اتوار کی شب ٹوئنٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے صرف 112 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 4وکٹ پر حاصل کرلیا، اس فتح کے ہیرو شاداب خان نے اپنے ڈیبیو میچ میں ہی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کیں، یہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں سب سے کفایتی بولنگ کا ایک ریکارڈ ہے،لیگ اسپنر ٹوئنٹی 20ڈیبیو پر مین آف دی میچ قرار پانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔ اس سے قبل یہ اعزاز شاہد آفریدی کے پاس تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کسی بھی سیریز کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے،کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں،آئندہ میچز میں بھی اسی ذہنی مضبوطی اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے نتائج اپنے حق میں کرنے کیلیے جان لڑائیں گے، انھوں نے کہا کہ میں فتح کا کریڈٹ بولرز کو دیتا ہوں جنھوں نے عمدہ کارکردگی سے جیت کی بنیاد رکھی، عماد وسیم نے اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شاداب خان نے اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں ہی بہترین بولنگ کی، فاسٹ بولرز خصوصاً وہاب ریاض نے آخری 2 اوورز میں بہت اچھی بولنگ کی جس پر یہ سب تعریف کے مستحق ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ یہ شاداب خان اور اس کے اہلخانہ کیلیے بہت بڑا دن ہے کیونکہ انھوں نے کیریئر کے پہلے ہی معرکے میں مین آف دی میچ ایوارڈ جیتا، امید ہے کہ وہ مستقبل میں مزید بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے بہت آگے جائیں گے۔
دوسری جانب شاداب خان نے کہا کہ کیریئر کا اس سے بہتر آغاز نہیں ہوسکتا تھا، میںٕ پاکستان کیلیے ہمیشہ ہی ایسی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، پچ اسپنرز کیلیے مددگار تھی، پی ایس ایل کا تجربہ بھی کام آیا۔میزبان کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے کہا کہ شاداب نے کئی گگلی گیندیں کیں جس کا ہمارے پاس کوئی جواب نہیں تھا، 111 کافی ٹوٹل نہیں تھا، ہمیں اسپنرز پر قابو پانے کیلیے اپنی حکمت عملی پر از سر نو غور کرنا ہوگا۔
ادھر بیٹسمین جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ پچ سلو لیکن اس پر 150رنز بنائے جاسکتے تھے مگر ہم اہم مواقع پر وکٹیں گنواتے گئے،پاکستانی ٹیم میں شامل کئی نئے چہروں کے انداز سے واقف نہ ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات ہوئیں، سنیل نارائن کو اوپر بھیجنے کا بھی کوئی فائدہ نہ ہوا، ان مسائل پر جلد قابو پانا ہوگا۔
یاد رہے کہ ٹوئنٹی20 سیریز کا دوسرا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا، دیگر تینوں میچز پورٹ آف اسپین،ٹرینیڈاڈ میں ہونے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو