شرجیل کے وکیل نے شواہد ناکافی قرار دیدیے

لاہور(آن لائن نیوز اردو پاور) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان نے پی سی بی کے شواہد ناکافی قرار دیدیے۔
پی ایس ایل کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل شرجیل خان اور خالد لطیف نے بکی کے رابطے پر پی سی بی کو مطلع نہ کرنے کے سوا تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا، اب ان کا کیس جسٹس (ر) اصغر حیدر کی سربراہی میں قائم اینٹی کرپشن ٹریبیونل کررہا ہے۔
جمعہ کے روز پی سی بی نے شرجیل خان کیخلاف شواہد،گواہوں کے بیانات، ریکارڈ شدہ انٹرویو، میچ فوٹیج، واٹس اپ پیغامات ٹریبیونل کو فراہم کرتے ہوئے ان کی کاپیز شرجیل خان اور خالد لطیف کے وکلا کوبھی دیدی تھیں، دونوں کرکٹرز کو اپنے جوابات 5مئی تک داخل کرانا ہیں، روزانہ کی بنیاد پرسماعت کا سلسلہ 19تاریخ سے شروع ہوگا۔
دریں اثنا کرک انفو سے بات کرتے ہوئے شرجیل خان کے وکیل شیگان اعجاز نے کہا ہے کہ پی سی بی نے گواہوں کے بیانات اور تحقیقات کے دوران کیے گئے انٹرویوز کا ریکارڈ جمع کروایا ہے، ہم ان ثبوتوں کا تفصیلی جائزہ لینگے لیکن ہمارے خیال میں یہ ناکافی ہیں، میڈیا کے نمائندوں سے بھی کہوں گا کہ جب تک جرم ثابت نہ ہوجائے کسی کو گنہگار قرار نہیں دیا جاسکتا، شرجیل خان ہمارا قومی سرمایہ اور پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ہیں،جب تک ٹریبیونل کی کارروائی جاری اور کچھ ثابت نہیں ہوجاتا، وہ بے قصور ہیں۔
یاد رہے کہ خالد لطیف نے ٹریبیونل کے قیام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن درخواست مسترد ہونے پر ایک گھنٹہ کی تاخیر سے پیش ہوگئے۔

پنھنجي راءِ لکو