دنیا کا سب سے مہنگا برگر؛ قیمت ’صرف‘ ڈھائی لاکھ روپے

دی ہیگ(آن لائن نیوزاردو پاور) ہالینڈ کے ایک شیف نے بلند معیارات پر انتہائی احتیاط سے تیار کردہ برگر بنایا ہے جو اب تک دنیا کا سب سے قیمتی برگر بھی ہے۔ اس برگر کی قیمت 1785 پاؤنڈ یا پاکستان روپوں میں 2 لاکھ 38 ہزار روپے ہے جب کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی اسے دنیا کا مہنگا ترین برگر تسلیم کیا ہے۔
اسے ہالینڈ کے شہر ہیگ میں واقع ساؤتھ آف ہیوسٹن ریسٹورینٹ کے شیف ڈیاگو بیوک نے تیار کیا ہے جو برگر بنانے کے ماہر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ برگر کی تیاری میں دنیا کے بہترین اور کمیاب ترین اجزا استعمال کئے گئے ہیں جیسے کہ اس میں جاپانی گائے کا بہترین گوشت ’ویگیو‘ اور اینگس گوشت ڈالا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ریمیکر پنیر دوسرا اہم جزو ہے۔ لابسٹر اور ہرمٹ کیکڑے سے کشید کیا گیا سوس، جاپان کے مشہور ٹماٹر، فرانس کی سلاد، جمائیکا کی مشہور کافی، مڈغاسکر سے حاصل شدہ ونیلا اور جاپانی سویا کو بھی شامل کیا گیا۔ اس کا بن خاص خمیر سے بنایا گیا ہے جس میں زعفران شامل ہے اور اوپر سونے کے ورق چڑھائے گئے ہیں۔
اس برگر کے اجزائے ترکیبی کو ایک ذائقے دار برگر بنانے میں دو سال لگے ہیں اور اسی شیف کو 2015 میں شہر کے بہترین برگرساز کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو