مریض کے پیٹ سے 12 کلوگرام فضلہ برآمد

بیجنگ(آن لائن نیوزاردو پاور) چینی ڈاکٹروں نے 22 سالہ شخص کے معدے کے نچلے حصے میں جمے انسانی فضلے کی بڑی مقدار کو اس کی آنت سمیت نکالا ہے جس کا وزن 28 پونڈ (12 کلوگرام) تک ہے۔
مریض کے مطابق اسے پیدائشی طور پر قبض کی شکایت تھی اس کا فضلہ دھیرے دھیرے بڑی آنت کے ایک حصے میں جمع ہورہا تھا جس کی لمبائی 30 انچ نوٹ کی گئی ہے اور ڈاکٹروں نے آنت (بوویل) کا یہ حصہ آپریشن سے نکال باہر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ شخص ہرشسپرنگس بیماری کا شکار تھا جس میں آنت کا ایک حصہ انہیں کنٹرول کرنے والے اعصاب سے خالی ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں وہ حصہ پھول جاتا ہے۔ یہاں تک کہ اس مریض کا پیٹ حاملہ خاتون جیسا ہوچکا تھا کیونکہ آنت میں فضلہ جمع ہوکر شدید درد اور گیس کی وجہ بن رہا تھا۔
ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا کہ کئی مہینوں بلکہ برسوں سے فضلہ اس کی آنت میں جمع ہوتا رہا تھا جس سے بدن پھول گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے تین گھنٹے طویل آپریشن کے بعد مریض کو اس تکلیف سے نجات دلوائی۔ آنت کا حصہ نکالنے کے بعد ڈاکٹروں نے اس کے دونوں سروں کو سی دیا تاکہ فضلہ باہر نہ آسکے لیکن اس 30 انچ طویل آنت کو دیکھ کر اس سے ہونے والی تکلیف کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ 5000 میں سے ایک فرد پیدائشی طور پر ہرشسپرنگس مرض کا شکار ہوسکتا ہے اور یہ مردوں میں عام ہوتی ہے۔ اس میں مریضوں کو سرجری سے گزارا جاتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو