اورینٹ کا باکفایت ایئر کنڈیشنر اب اسمارٹ فون سے کنٹرول کریں

پاکستان میں برقی مصنوعات کے حوالے سے نمایاں ترین شہرت رکھنے والے ادارے ’’اورینٹ‘‘ نے حال ہی میں اپنے ’’اسمارٹ ڈی سی انورٹر ایئر کنڈیشنرز‘‘ کی بالکل نئی رینج پاکستان میں پیش کی ہے۔ کم خرچ اور کفایت شعار ایئر کنڈیشنر کا یہ نیا ’’اسمارٹ ایڈیشن‘‘ اس سے پہلے کی ’’الٹران ای کمفرٹ‘‘ (Ultron e-Comfort) سیریز کا اگلا قدم ہے جس میں جدید ترین پیٹنٹ شدہ ٹیکنالوجیز اس انداز سے یکجا کی گئی ہیں جو اس سے پہلے کسی دوسرے ایئر کنڈیشنر میں اکٹھی نہیں کی گئی تھیں؛ اور اسی بناء پر یہ ایئر کنڈیشننگ کی پاکستانی صنعت میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔
جو چیز الٹران سپر، الٹران بولڈ، الٹران کلاسک اور الٹران پلس کے اسمارٹ ایڈیشنز کو دوسرے نام نہاد ’’اسمارٹ ایئر کنڈیشنرز‘‘ سے ممتاز کرتی ہے، وہ ان میں نصب اسمارٹ وائی فائی کٹ ہے جس کی بدولت صارفین اپنے ایئر کنڈیشنر میں توانائی کے استعمال اور کارکردگی وغیرہ جیسے اہم امور پر میلوں دور سے نہ صرف نظر رکھ سکتے ہیں بلکہ انہیں کنٹرول بھی کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کےلیے گوگل پلے اسٹور پر ’’میورس‘‘ (MEVRIS) کے نام سے ایک خاص ایپ موجود ہے جس کے ذریعے اس اسمارٹ اے سی کو آپ اپنے اینڈروئیڈ اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹ سے مکمل کنٹرول کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اگر آپ کسی ایسی جگہ ہوں جہاں صرف ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے ذریعے ہی انٹرنیٹ تک رسائی ممکن ہو تو پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ app.mevris.io کے ویب ایڈریس پر پہنچ کر اپنا ایئر کنڈیشنر کنٹرول کرلیجیے۔ البتہ اس کام کےلیے آپ کو پہلے سے اس ویب ایڈریس پر رجسٹر ہونا پڑے گا۔
سرِدست الٹران سپر، الٹران بولڈ، الٹران کلاسک اور الٹران پلس کے اسمارٹ ایڈیشنز اورینٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر لانچ کیے گئے ہیں۔ اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اورینٹ کی مارکیٹنگ مینیجر سدرہ طلعت نے کہا، ’’اسمارٹ ایڈیشنز کا آن لائن اجراء ہی ٹیکنالوجی کے شوقین پاکستانیوں کو اسمارٹ انورٹر ایئر کنڈیشنر سے روشناس کرانے کا بہترین راستہ ہے۔ چونکہ اورینٹ کے اسمارٹ ایڈیشن ایئر کنڈیشنرز کو آن لائن یعنی بذریعہ انٹرنیٹ کنٹرول کیا جاسکتا ہے اس لیے انہیں پہلے پہل ویب سائٹ پر پیش کرنا ہی سب سے معقول اور مناسب ترین خیال تھا۔‘‘

اسمارٹ ایئر کنڈیشنر: جدید طرزِ رہائش کا جزوِ لازم

اورینٹ کا ’’ڈی سی انورٹر ایئر کنڈیشنر‘‘ اپنے آپ میں گھریلو استعمال کی ایک زبردست اختراع ہے جو آپ کے گھر کو ٹھنڈا رکھتی ہے اور بجلی کے خرچ سے وابستہ لاگت پر بھی نظر رکھتی ہے لیکن یہ تو صرف ابتداء ہے۔ ’’اسمارٹ ایڈیشن انورٹر ایئر کنڈیشنر‘‘ اس سے بھی کہیں بڑھ کر ہے کیونکہ توانائی کی بچت کے معاملے میں یہ دوسرے باکفایت انورٹر ایئر کنڈیشنرز سے بھی کہیں آگے ہے۔ اس میں اندرونی طور پر ایک ’انرجی میٹر‘ نصب ہے جو صارف کو بجلی کی مقدار، وولٹیج، ایمپیئرز اور بجلی کے استعمال شدہ یونٹس تک کے بارے میں ساری تفصیلات سے آگاہ رکھتا ہے۔
آپ یہ تمام معلومات تصویروں اور گراف کی شکل میں یعنی گرافکس کے طور پر دیکھ سکتے ہیں اور اپنی ضرورت یا پسند کے مطابق ان میں سے تازہ ترین معلومات پر نظر رکھ سکتے ہیں؛ اور اگر چاہیں تو یہ بھی جان سکتے ہیں کہ پچھلے چند گھنٹوں، چند دنوں، چند ہفتوں اور چند مہینوں کے دوران کتنے وولٹیج پر کتنی بجلی استعمال کی گئی ہے۔ ایک سمجھدار صارف ان معلومات کا جائزہ لے کر از خود یہ جان سکتا ہے کہ کن کن اوقات میں کتنی بجلی استعمال کی گئی ہے اور اس طرح وہ بجلی کی بہتر سے بہتر بچت کےلیے ایئر کنڈیشنر چلانے کے نظام الاوقات کا فیصلہ خود ہی کرسکتا ہے۔
یہی نہیں بلکہ ’’اسمارٹ ایڈیشن انورٹر ایئر کنڈیشنر‘‘ میں ٹمپریچر کے علاوہ فین اسپیڈ، تھرمو اسٹیٹ موڈ اور ایئر کنڈیشنر آن رہنے کے دورانیے تک، بہت سی چیزوں کا تعین ایک ساتھ کیا جاسکتا ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر، یہ سب کچھ آپ دنیا میں کہیں سے بھی کرسکتے ہیں بشرطیکہ آپ کا یہ ذہین ایئر کنڈیشنر وائی فائی سے منسلک ہو، آپ کے اسمارٹ فون یا ٹیبلٹ پر ’’میورس‘‘ ایپ انسٹالڈ ہو جبکہ آپ کو اپنے اسمارٹ فون، ٹیبلٹ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی بھی حاصل ہو۔ اسمارٹ ایڈیشن انورٹر ایئر کنڈیشنر آپ کو اتنا زیادہ اختیار دیتا ہے کہ اگر آپ چاہیں تو ہفتوں، مہینوں اور برسوں تک کےلیے اسے ایک خاص انداز میں چلنے کا نظام الاوقات (شیڈول) تک اپنی مرضی سے دے سکتے ہیں۔
سدرہ طلعت کے بقول، ’’دوسرے ادارے تو مستقبل کے امکانات کی بات کرتے ہیں لیکن اورینٹ نے اپنے کفایت شعار ایئر کنڈیشنرز کے اسمارٹ ایڈیشن کے ذریعے آنے والے کل کو ایک حقیقت کے روپ میں پیش کردیا ہے۔‘‘

پنھنجي راءِ لکو