بل گیٹس نے مچھر کو انسانیت کے لیے عالمی جنگ سے بڑا خطرہ قرار دیدیا

نیویارک(آن لائن نیوزاردو پاور) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ مچھروں سے پھیلنے والی وبا انسانیت کیلیے عالمی جنگ سے بھی زیادہ بڑا خطرہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ڈاکو مینٹری میں بل گیٹس نے کہا کہ یہ قاتل کیڑا بغیر کسی وارننگ کے ایک کروڑ افراد کی ہلاکت کا باعث بن سکتا ہے، مچھروں سے پھیلنے والی کسی بھی تباہ کن وباء کے حوالے سے اسوقت دستیاب وسائل کی کمی ہے جو کہ کسی بھی مرض کو دنیا بھر میں پھیلانے کا باعث بن سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکو مینٹری میں حالیہ عرصے میں70سے زائد ممالک کو متاثر کرنیوالے زیکا وائرس کا جائزہ لیا گیا جبکہ محققین نے ڈنگی وائرس کے حوالے سے بھی خبردارکیا جو ایکبار پھر پلٹ سکتا ہے، اسی طرح ملیریا بھی موجود ہے جو ہر منٹ میں دو افراد کی ہلاکت کاباعث بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ بل گیٹس نے گزشتہ سال اپنے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ انہیں شارک مچھلیوں سے ڈر نہیں لگتا بلکہ جس سے وہ سب سے زیادہ خوفزدہ ہیں وہ مچھر ہیں۔ انھوں نے 2015میں مختلف جانوروں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے افرادکی تعداد کا ایک گراف بھی شیئر کیا جس سے معلوم ہوا کہ شارک دنیا بھر میں صرف چھ ہلاکتوں کا باعث بنی جبکہ مچھروں نے 8لاکھ 30 ہزار جانیں لیں۔

پنھنجي راءِ لکو