شاپنگ سینٹر میں شوہروں کےلیے دڑبے

شنگھائی:(آن لائن نیوز اردو پاور) چین کے ایک شاپنگ سینٹر نے شوہروں کے ساتھ آنے والی خریدار خواتین کےلیے ایک مضحکہ خیز سہولت پیش کی ہے جس کے بارے میں پاکستانی شاپنگ سینٹروں اور سپر اسٹورز کو بھی ضرور سوچنا چاہیے۔
چینی ویب سائٹ ’’دی پیپر‘‘ کے مطابق شنگھائی میں واقع ’’گلوبل ہاربر شاپنگ سینٹر‘‘ کے ایک گوشے میں شوہروں کےلیے ’’آرام کمرے‘‘ بنائے گئے ہیں جہاں چھوٹے چھوٹے دڑبے ہیں۔ خریداری کےلیے آنے والی خواتین چاہیں تو اپنے شوہروں کو کچھ دیر کےلیے ان دڑبوں میں چھوڑ کر جاسکتی ہیں اور خریداری مکمل کرنے کے بعد انہیں واپس لے سکتی ہیں۔
شاپنگ سینٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اکثر خواتین خریداری میں بہت زیادہ وقت لگاتی ہیں اور شوہر عموماً اس پورے وقت میں ان کے ساتھ چلتے پھرتے بور ہوجاتے ہیں جنہیں کوفت سے بچائے کےلیے ان آرام کمروں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ شوہر ان آرام کمروں میں ایک کرسی پر بیٹھ کر مزے سے پرانے زمانے کے ویڈیو گیمز کھیل سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو قیلولہ بھی فرما سکتے ہیں۔
دڑبے جیسی شکل کا ہر کمرہ بہت مختصر ہے جس کی دیواریں بھی شفاف شیشے سے بنی ہوئی ہیں تاکہ اندر بیٹھے ہوئے حضرت پر نظر بھی رکھی جاسکے۔ کمرے کے اندر ایک کرسی ہے جس کے سامنے مانیٹر اور کمپیوٹر کے ساتھ گیم کھیلنے کےلیے پیڈ بھی رکھا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان دڑبہ نما آرام کمروں کے بارے میں طرح طرح کے خیالات سامنے آرہے ہیں۔ آرام کمروں میں بیٹھنے والے کچھ حضرات کو شکایت تھی کہ وہاں کوئی ایئرکنڈیشنر ہی نہیں اور تازہ ہوا نہ ملنے کی وجہ سے وہ جلد ہی پسینے میں شرابور ہوگئے۔ اس کے برخلاف کئی حضرات نے کہا کہ انہیں آرام کمرے میں بیٹھ کر ویڈیو گیمز کھیل کر بہت مزا آیا۔

اسی طرح کچھ خواتین کا کہنا تھا کہ خریداری کے وقت شوہر کا ساتھ نہ ہو تو وہ پوری آزادی سے شاپنگ کا مزا لے سکتی ہیں جبکہ بعض خواتین کا کہنا ہے کہ اگر شوہر کو بیٹھ کر ویڈیو گیم ہی کھیلنا ہے تو پھر اسے شاپنگ سینٹر لے جانے کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔
تجرباتی طور پر پیش کی گئی یہ سہولت فی الحال مفت ہے لیکن چند ماہ بعد شاید اس کا کچھ معاوضہ مقرر کردیا جائے گا۔

قبل ازیں شنگھائی کا ایک اور شاپنگ مال ’’ہزبینڈ نرسری‘‘ (شوہر کی نرسری) کے نام سے ایسی ہی ایک سہولت پیش کرچکا ہے جہاں خریداری پر آنے والی خواتین اپنے شوہروں کو کچھ دیر کےلیے چھوڑ سکتی تھیں البتہ اس ہزبینڈ نرسری کے کمرے زیادہ وسیع، ہوا دار اور نرم صوفوں پر مشتمل ہوتے تھے۔

پنھنجي راءِ لکو