ٹرمپ سے اختلافات کے باعث وائٹ ہاؤس کے ترجمان عہدے سے مستعفی

واشنگٹن(آن لائن نیوزاردو پاور) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اختلافات کے باعث وائٹ ہاؤس کے ترجمان اور پریس سیکریٹری سین اسپائسر نے اپنے عہدے سے استغفیٰ دیدیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بظاہر سین اسپائسر کے استعفے کی وجہ صدر ٹرمپ کی جانب سے نئے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کی تقرری ہے جس کی اسپائسر بھرپور مخالفت کرتے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دیرینہ دوست اینتھونی اسکیئرموچی کو وائٹ ہاؤس میں کمیونیکیشن ڈائریکٹر تعینات کیا تھا جس پر اسپائسر نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے سین اسپائسسر منظرِ عام سے غائب تھے اور ان کی ذمے داریاں نائب پریس سیکریٹری سارا سینڈرز نے سنبھال رکھی تھیں۔ ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم میں مدد سے قبل سین اسپائسر ریپبلکن نیشنل کمیٹی میں اطلاعات کے سب سے اہم عہدے پر فائز رہے اور اپنی ہر بریفنگ میں ٹرمپ کا دفاع کرتے نظر آئے یہاں تک کہ انہوں نے بعض مضحکہ خیز بیانات بھی دیئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ایک جانب سین اسپائسر، اینتھونی اسکیئرموچی کی نامزدگی سے نالاں تھے تو دوسری جانب وہ ٹرمپ کی جانب سے میڈیا کے معاملات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور نئی پالیسیوں کے بھی مخالف تھے۔

پنھنجي راءِ لکو