زمین سے پہلی بار چاند پر پہنچنے والا بیگ 18 لاکھ ڈالر میں نیلام

نیویارک(آن لائن نیوزاردو پاور) چاند پر پہلا قدم رکھنے والے امریکی خلانورد نیل آرمسٹرانگ کا بیگ جس میں وہ چاند سے مٹی کے نمونے جمع کرکے لائے تھے 18 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں انوکھی نیلامی ہوئی جس میں چاند پر پہلا قدم رکھنے والے خلانورد نیل آرمسٹرانگ کے بیگ کو نیلامی کیلئے پیش کیا گیا۔ سفید رنگ کے اس چھوٹے سے بیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں چاند سے لائی گئی مٹی، چھوٹی چھوٹی کنکریاں اور گردوغبار ابھی تک بالکل اسی طرح موجود ہیں جس طرح اس وقت تھے جب انہیں 1969 میں چاند سے زمین پر لایا گیا تھا۔
اس بیگ کی کہانی بھی بڑی دلچسپ ہے۔ جب خلائی گاڑی اپولو مشن 11 مکمل ہونے کے بعد واپس زمین پر آئی تو اس کی تقریباً تمام چیزیں اسمتھ سونین میوزیم میں بھیج دی گئی تھیں لیکن یہ بیگ غلطی سے ان تمام اشیا کی فہرست میں شامل نہیں ہوسکا تھا اور ایک باکس کے اندر جانسن اسپیس سینٹر ہی میں پڑا رہ گیا۔
2015 میں جب اسپیس سینٹر کی کچھ چیزیں نیلام ہوئیں تو اس وقت بھی اس کی شناخت نہ ہوسکی اور الینوئے کے ایک وکیل نے اسے محض 995 ڈالرز میں خرید لیا۔ بعد ازاں ناسا نے یہ بیگ واپس حاصل کرنے کےلیے اس کے خریدار پر عدالت میں مقدمہ بھی کیا لیکن عدالت نے فیصلہ دیا کہ یہ بیگ قانونی طور پر اس کے خریدار ہی کی ملکیت ہے۔ اس عدالتی فیصلے کے بعد اس بیگ کو نیلامی کےلیے نیویارک کے مشہور ’’سودبیز‘‘ نیلام گھر میں میں رکھ دیا گیا جہاں سے ایک گمنام شخص نے 18 لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم ادا کرکے اسے خرید لیا۔

پنھنجي راءِ لکو