کام کے دوران ویڈیو گیم کھیلنا دماغی صحت کےلیے مفید ہے، تحقیق

نیویارک: اوقاتِ ملازمت میں اکثر لوگوں کو اعصابی تناؤ، اکتاہٹ، تھکن اور بے چینی کی شکایت ہوتی ہے لیکن اب امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس دوران وہ صرف پانچ منٹ کا وقفہ کرکے ویڈیو گیم کھیل لیا کریں تو یہ شکایت بڑی حد تک دُور ہوجائے گی۔
کام کا دباؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والا اعصابی تناؤ دنیا بھر کے ملازمت پیشہ افراد کا سنگین مسئلہ ہے کیونکہ ایک جانب یہ ان کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے تو دوسری طرف ان کی یادداشت، اکتسابی صلاحیت (نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت) اور عمومی ذہانت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر یہ تناؤ زیادہ دیر تک برقرار رہے تو اوقاتِ ملازمت کے دوران ہی شدید تھکن اور غلطیوں کی اہم وجہ بھی بن جاتا ہے۔ حساس اور اہم شعبوں سے وابستہ افراد کےلیے ایسی غلطیاں بعض مرتبہ انتہائی خطرناک بھی ثابت ہوتی ہیں اور دوسروں کےلیے جانی و مالی نقصانات کا باعث بھی بنتی ہیں۔
البتہ چند برسوں سے یہ بات بھی مشاہدے میں آرہی تھی کہ کام کے دوران کچھ وقت کےلیے ویڈیو گیمز کھیلنے والے افراد کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، وہ اعصابی تناؤ اور تھکن کا شکار بھی کم ہوتے ہیں جبکہ ان سے غلطیاں بھی کم ہوتی ہیں۔
اس بات کی حقیقت جاننے کےلیے امریکا کی ’’ہیومن فیکٹرز اینڈ ایرگونومکس سوسائٹی‘‘ کے ماہرین نے مائیکل پپ کی قیادت میں ایک مطالعہ کیا جس میں شدید دباؤ والے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 66 رضاکاروں کو شریک کیا گیا۔ رضاکاروں کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا جن میں سے پہلے گروپ کو مسلسل کام میں مصروف رکھا گیا، دوسرے گروپ کو کام کے دوران پانچ منٹ کےلیے ایک پرسکون کمرے میں آرام کرنے دیا گیا جبکہ تیسرے گروپ سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کو پانچ منٹ کے اسی وقفے میں ایک ویڈیو گیم کھیلنے کےلیے دے دیا گیا۔ اس دوران تمام رضاکاروں میں اعصابی تناؤ، مزاج اور اکتسابی کارکردگی پر نظر رکھی گئی۔
آخر میں تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ لوگ جنہوں نے بالکل بھی آرام نہیں کیا تھا یا پھر اپنا کام روک کر کچھ دیر کےلیے آرام کمرے میں چلے گئے تھے، ان پر اعصابی تناؤ اور تھکن کے اثرات برقرار رہے جبکہ ان کی مجموعی کارکردگی بھی متاثر رہی۔ ان کے برعکس صرف پانچ منٹ تک ویڈیو گیم کھیلنے والے رضاکار جب اپنے کام پر واپس آئے تو وہ ذہنی طور پر ہشاش بشاش ہوچکے تھے، ان کا موڈ خوشگوار ہوچکا تھا، کارکردگی بہتر ہوگئی تھی اور اگلے چند گھنٹوں تک ان سے غلطیاں بھی بہت کم ہوئیں۔
اس طرح یہ ثابت ہوا کہ کام کرتے دوران اگر کچھ دیر کےلیے ویڈیو گیم کھیل لیا جائے یا کچھ ایسا کرلیا جائے جو ذہن کو تفریح مہیا کرنے کے مترادف ہو تو اس سے دماغ پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ مطالعے کی روشنی میں کام کے دوران صرف چند منٹوں کےلیے ویڈیو گیم کھیلنے کی افادیت ظاہر ہوتی ہے؛ یعنی اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ آپ اپنا کام چھوڑ کر گھنٹوں ویڈیو گیم کھیلنے میں لگے رہیں۔

پنھنجي راءِ لکو