|
پاکستان کے نو رکنی پارلیمانی وفد نے امریکہ
میں سکینگ کرانے سے انکار کر دیا ہے اور
امریکی حکام سے احتجاج کرتے ہوئے دورہ منسوخ
کر دیا ہے۔ فاٹا کا 9 رکنی وفد سینیٹر عباس
آفریدی کی قیادت میں امریکی دورے پر تھا۔
واشنگٹن سے دوسرے شہر جانے کیلئے جے ایف کینڈی
ائیرپورٹ پر انہیں سکینگ مشین سے گزرنے کا کہا
گیا جس پر وفد نے ائیرپورٹ پر عام مسافروں
جیسا سلوک کرنے پر شدید احتجاج کیا اور دورہ
منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ امریکی حکام نے ان
سے رابطہ کرکے دورے کو جاری رکھنے کا کہا لیکن
وفد نے یہ درخواست مسترد کرکے دورہ منسوخ کر
دیا۔
فاٹا کے اراکین نے قومی غیرت کا ثبوت دیتے
ہوئے جہاں ایک طرف امریکہ کو واضح پیغام دیا
ہے کہ وہ آزاد اور خود مختار ملک کے باوقار
شہری ہیں تو دوسری طرف پاکستان کے تمام
سیاستدانوں اورحکمرانوں کو بھی یہ باور کرایا
ہے کہ قومی غیر ت سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم
نہیں۔ فاٹا کے اراکین نے امریکی شرمناک سکینگ
نظام کو مسترد کرکے جس طرح کی قومی غیرت کا
ثبوت دیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ فاٹا کے اراکین
نے اپنے عمل سے نہ صرف قومی غیر ت کا ثبوت پیش
کیا ہے بلکہ ان کا یہ اقدام تمام حکمرانوں اور
سیاستدانوں کیلئے بھی مشعل راہ ہے اور ہمیں
امید ہے کہ ہمارے دوسرے اراکین پارلیمنٹ '
وزراء اور حکمران طبقہ بھی امریکی سکینگ نظام
کو مسترد کرکے قومی غیرت کا ثبوت دیں گے۔
امریکہ نے بالخصوص مسلمانوں کی تضحیک کرنے
کیلئے جس طرح کا شرمناک تلاشی کا نظام مرتب
کیا ہے اس کے بعد چاہیے تو یہ تھا کہ وہ تمام
ممالک جن کے شہریوں کیلئے امریکہ نے یہ پابندی
عائد کی ہے وہ بھی اپنے اپنے ممالک میں
امریکیوں کیلئے ایسا ہی نظام مرتب کریں۔
حکومتی سطح پر امریکہ سے سخت احتجاج کیا جائے
اور اس پر واضح کیا جائے کہ امریکہ پاکستان کو
تلاشی کے اس نظام سے مستثنیٰ قرار دے ورنہ اس
کے شہریوں کے ساتھ بھی پاکستانی ائیرپورٹس پر
ایسا ہی سلوک روا رکھا جائے گا۔
|