’ایسے کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتا جس نے ملک کو بدنام کیا ہو‘

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ نے بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ چٹاگانگ نے بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ میں محمد عامر اورمحمد حفیظ سے معاہدہ کیا تھا لیکن محمد حفیظ نے محمد عامر کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ یہ ذاتی معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق ملک کی عزت اور ساکھ سے ہے، اور وہ کسی ایسے کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیل سکتے جس نے ملک کو بدنام کیا ہو۔

محمد عامر کو اجازت دینے پر پی سی بی سے جواب طلب

عامر کرکٹ کے میدان میں واپسی کے اہل ہیں یا نہیں؟

محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

محمد حفیظ نے کہا کہ اگر کسی دوسری ٹیم نے انھیں پیشکش کی تو وہ بنگلہ دیشی پریمئر لیگ کھیلیں گے۔

محمد حفیظ نے اس سوال پر کہ آپ اس وقت کیا کریں گے جب محمد عامر کو پاکستانی ٹیم میں منتخب کر لیا جائے گا تو انھوں نے اس بات کا جواب دیتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ یہ وقت بتائے گا ۔

محمد عامر ان تین کرکٹروں میں شامل ہیں جنھیں سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر سزا ہوئی تھی۔ تینوں کرکٹر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کی مدت ختم ہونے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس آ چکے ہیں ان میں سے محمد عامر باقاعدہ فرسٹ کلاس کرکٹ شروع کر چکے ہیں جبکہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو واپڈا نے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عامر کے معاملے میں ہمیشہ سے نرم گوشہ رکھے ہوئے ہے اور اس بات کے امکانات بھی روشن ہیں کہ انھیں بہت جلد پاکستانی ٹیم کا حصہ بنا دیا جائے۔

یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ پاکستانی ٹیم کے بیشتر کرکٹر ان سزا یافتہ کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کے خلاف ہیں تاہم ان میں سے محمد حفیظ وہ پہلے کرکٹر ہیں جنھوں نے کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

SOURCE – READ MORE

پنھنجي راءِ لکو