گوگل نے 2 ایسی ایپلی کیشنز متعارف کرا دیں کہ واٹس ایپ، فیس بک میسنجر اور سکائپ نیندیں اڑا دیں، صارفین انتہائی پرجوش

لاہور (اردوپاورڈاٹ کام) جدید ٹیکنالوجی کے دور میں اپنوں سے رابطوں کیلئے بہت سی ایپلی کیشنز مارکیٹ میں موجود ہیں جن میں فیس بک میسنجر، واٹس ایپ، ٹیلی گرام قابل ذکر ہیں لیکن اس کے باوجود بہت سے کمپنیاں اس شعبے میں نت نئی ایپلی کیشنز متعارف کرانے میں مصروف ہیں جن میں حالیہ اضافہ کسی اور کمپنی کی جانب سے نہیں بلکہ خود گوگل نے ہی کر دیا ہے اور اس کیساتھ ہی حریف کمپنیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے۔
گوگل نے اپنی سالانہ تقریب میں نئی میسجنگ ایپلی کیشنز “Allo” اور “Dou” کے نام سے متعارف کرا دی ہیں۔ “Allo” ایپلی کیشن چیٹنگ کیلئے بنائی گئی ہے جبکہ “Duo” کو ویڈیو کالنگ کیلئے بنایا گیا ہے۔ ان ایپلی کیشنز کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ان کے استعمال کیلئے کسی ای میل کی ضرورت نہیںبلکہ صرف فون نمبر کی ضرورت ہے جبکہ اس میں کچھ ایسے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں جو مارکیٹ میں موجود کسی اور ایپلی کیشن میں دستیاب نہیں ہیں۔
پہلے جائزہ لیتے ہیں “Allo” کا جو گوگل کے مطابق ”سمارٹ میسجنگ ایپ“ ہے اور اس میں گوگل اسسٹنٹ کا استعمال بھی کیا گیا ہے جو وقت کیساتھ ساتھ صارفین کے درمیان ہونے والی گفتگو کا جائزہ لے کر آپسی بات چیت کو مزید آسان اور سہل بنائے گا۔ اس ایپلی کیشن میں زبردست ”سٹیکرز“ بھی مہیا کئے گئے ہیں اور ایک ”Whisper Shout“ نامی فیچر بھی شامل ہے جو صارف کو میسج کا ٹیکسٹ چھوٹا یا بڑا کرنے کی سہولت فراہم کرے گا اس کے علاوہ اس میں ”Ink“ نامی فیچر بھی شامل ہے جو صارف کو کسی بھی تصویر پر انگلی کی مدد سے ڈرائنگ کرنے کی سہولت مہیا کرے گا۔
اس کا سب سے زبردست فیچر ”سمارٹ ریپلائے“ ہے جو صارف کو روزمرہ معمول کے سوالوں کے جواب جلد لکھنے میں مدد دے گا جیسا کہ اگر کسی دوست کی جانب سے آپ کو میسج ملے کہ ”ڈنر لیٹ ہے؟“ تو یہ ایپلی کیشن آپ کو فوراً اس کے جواب میں تین سے چار تجاویز پیش کر دے گی۔ یہ فیچر وقت گزرنے کیساتھ ساتھ ماضی میں کی گئی بات چیت کا جائزہ لے کر بہتر سے بہتر تجاویز فراہم کرنا شروع کر دے گا۔
گوگل نے “Dou” نامی ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی ہے جسے “Allo” کاچھوٹا بھائی کہا گیا ہے اور اس کا مقصد ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ آپ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ ویڈیو کالنگ کیلئے تو پہلے سے ہی بہت سی ایپلی کیشنز موجود ہیں تو پھر اس میں ایسا کیا ہے۔ تو جناب اس میں “Knock Knock” نامی زبردست فیچر شامل کیا گیا ہے جو ویڈیو کالنگ کو ایک نئی جہت فراہم کرے گا ۔ یہ فیچر موصول ہونے والی کسی بھی ویڈیو کال کا جواب دینے سے پہلے ہی ایک ویڈیو کی صورت میں ہی ایک جھلک دکھلا دے گا کہ آپ کو کال کرنے والا کون ہے ، اور یہ جھلک کسی تصویر کی صورت میں نہیں بلکہ کال کرنے والی کی اوریجنل ویڈیو کی صورت میں ہو گی اور پھر آپ باآسانی فیصلہ کر سکیں گے کہ آپ نے اس کال کا جواب دینا ہے یا پھر نہیں۔
گوگل کا ماننا ہے کہ اگر کال ریسیو کرنے سے پہلے ہی آپ کو پتہ چل جائے کہ دوسری جانب شخص کون ہے اور کیوں کال کر رہا ہے تو آپ بلاجھجھک اور ہچکچائے بغیر ہی کال سے متعلق فیصلہ کر سکیں گے۔ ابتدائی طور پر یہ صرف ”ون ٹوون“ ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرے گی تاہم آنے والے وقت میں گروپ کالنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو