بنگلا دیش میں طوفان سے تباہی، 20 افراد ہلاک اور متعدد سیلاب میں بہہ گئے

ڈھاکا: بنگلادیش میں روآنو نامی طوفان نے تباہی مچادی جس کے باعث اب تک 20 افراد ہلاک جب کہ متعدد سیلاب میں بہہ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی بنگلادیش میں روآنو نامی طوفان نے شدید تباہی مچادی اور طوفان کے باعث ہونے والی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک 20 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ طوفان کی وجہ سے جنوبی اضلاع میں متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں جس سے علاقے میں مواصلات کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوچکا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق سیلاب کے باعث علاقے میں سی پورٹ سمیت دیگر پورٹس کو بھی بند کردیا گیا ہے اور ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے جنوبی اضلاع میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور 5 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کردیا گیا ہے جب کہ متعدد افراد کے سیلاب میں بہہ جانے کی اطلاعت ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

پنھنجي راءِ لکو