چلی میں ایک شخص کی شیروں کے پنجرے میں چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش

سان تیاگو: چلی کے مشہور سان تیاگو چڑیا گھر میں ایک شخص نے خودکشی کی خوفناک کوشش کی اور خود کو شیروں کے حوالے کرنے کے لیے ان کے پنجروں میں کو دیا لیکن شیروں کے بھنبھوڑنے کے باوجود اس شخص کو تشویشناک حالت میں بچالیا گیا اور شیروں کو گولی ماردی گئی۔
سان تیاگو زو کے حکام نے بتایا کہ خودکشی کرنے والے 20 سالہ شخص کا نام فرانکو لوئی فیراڈا ہے جسے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ خود کشی کے ارادے سے آنے والے اس شخص نے پنجرے میں داخلے کے لیے خفیہ راستہ اختیار کیا اور چھت پر پہنچ کر پنجرے کے اندر چھلانگ لگادی جب کہ یہ منظر دیکھ کر وہاں پر موجود لوگ انتہائی خوفزدہ ہوگئے اور چیخ و پکار شروع کردی۔
لوگوں کے مطابق اس شخص نے کپڑے اتار کر شیر کے پنجرے میں چھلانگ لگالی اور شیر اس پر جھپٹ پڑے لیکن اس موقع پر فوری طور پر چڑیا گھر کا عملہ وہاں پہنچا اور گولی مار کر دونوں شیروں کو ہلاک کردیا۔ شیروں کے تابڑ توڑ حملوں میں یہ شخص شدید زخمی ہوا جس سے اس کے سر اور پیٹ پر زخمی آئے تاہم اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق ان کے نزدیک انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اسی لیے انہوں نے شیروں کو ہلاک کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پنچرے میں کودنے کے بعد بھی شیروں نے اس پر حملہ نہیں کیا تھا اور اس وقت بھی اس کی جان بچائی جاسکتی تھی لیکن عملے نے بہت دیر میں مداخلت کی اور اس دوران لوگوں نے شور مچاکر اور پانی پھینک کر شیروں کو دور رکھنے کی کوشش کی جب کہ اس دوران پنجرے میں کودنے والا شخص کافی دیر تک مذہبی منتر بھی پڑھ رہا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو