پاکستان، ہندوستان میں کرکٹ تعلقات بہتر بنانے کا مطالبہ

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے صدر نے پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگر انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں پاکستانی کھلاڑی بھی شرکت کریں تو اس کی قدروقیمت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

سابق عظیم بلے باز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچز کی بہت اہمیت ہے اور دونوں ملکوں کو مستقل بنیادوں پر ایک دوسرے سے میچز کھیلنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی لیگ میں کھیلنا چاہیے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور ظہیر عباس نے کہا کہ آئی سی سی صدر کی حیثیت سے وہ کوئی تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں لیکن وہ دونوں پڑوسی ملکوں کے بہتر کرکٹ تعلقات کے بہت بڑے بڑے حامی ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان نے کہا کہ اگر ساری دنیا کے کرکٹرز آئی پی ایل میں شرکت کریں گے تو اس سے اس کی اہمیت مزید بڑھے گی اور میرے خیال میں اب وقت آ گیا ہے کہ دونوں ملک اپنی اپنی لیگ میں کھلاڑیوں کو کھلا کر کرکٹ تعلقات کو بہتر بنائیں۔
اس موقع پر انہوں نے ششانک منوہر اور انوراگ ٹھاکر کو بالترتیب آئی سی سی چیئرمین اور بی سی سی آئی کا صدر بننے پر مبارکباد دی۔

پنھنجي راءِ لکو