کھانے میں کیلوریزکم کرنے والی پلیٹ تیار

بنکاک: کھانے میں چکنائی جذب کرکے کیلوریز کم کرنے والی حیرت انگیز پلیٹ تیار کرلی گئی ہے جس میں موجود سوراخ کھانے میں موجود تیل کو جذب کرلیتے ہیں اور یوں ہمیشہ کھانے میں کیلوریز کی مقدار کم کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔
اس پلیٹ کی تیاری میں تھائی لینڈ کی وزارتِ صحت اور بنکاک کی ایک اشتہاری کمپنی کا تعاون حاصل ہے۔ اس کا مقصد تھائی لینڈ کے لوگوں میں تیزی سے پھیلتے موٹاپے کو کم کرنا ہے کیونکہ وہاں کی عوام بسیار خوری اور زیادہ کیلوریز کھانے کی وجہ سے فربہی اور دیگر بیماریوں کی شکار ہورہی ہے۔
اس پلیٹ میں 500 انتہائی باریک سوراخ ہیں جو تیل کو جذب کرلیتے ہیں اور تمام سوراخوں میں پھنس جانے والا تیل ڈیڑھ سے 2 چمچے کے برابر ہوتا ہے اور اس طرح کھانے میں 30 کے قریب کیلوریز کم ہوجاتی ہیں۔اگرچہ کھانے کو ٹشو پیپرز یا دیگر اقسام کے نیپکنز پر بھی رکھ کر کھایا جاسکتا ہے تاکہ اضافی تیل جذب ہوجائے لیکن ہمیشہ یہ اشیا دستیاب نہیں ہوتیں اور نہ ہی تمام پکوان ان پر رکھے جاسکتے ہیں۔ فی الحال اس پلیٹ کو اب تک باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا ہے لیکن تجرباتی طور پر یہ پلیٹ بہت سے ہوٹلوں میں تقسیم کی گئی ہے۔ اس میں سوراخوں میں جذب ہونے والا تیل ننھے قطروں کی صورت میں نیچے جمع ہوجاتا ہے جسے بعد میں دھوکر صاف کیا جاسکتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو