تھائی لینڈ میں ہاتھی کو لوری گا کر سنانے والی خاتون

تھائی لینڈ: تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ہاتھیوں کی نگہبان خاتون کی لوری سن کر ان کا پالتو ہاتھی کسی معصوم بچے کی طرح چند منٹوں میں سو جاتا ہے۔
ویسے تو انسان اور جانوروں کی دوستی کے کئی قصے مشہور ہیں لیکن تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی لیک شائلرت نامی خاتون کی کہانی بالکل منفرد ہے۔ وہ اپنی جادوئی آواز سے اتنی میٹھی لوری سناتی ہیں کہ ہاتھی کی آنکھیں نیند سے بوجھل ہونے لگتی ہیں۔ یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ کئی سالوں سے ایسا ہی ہو رہا ہے۔ خاتون کا پالتو فامائی نامی ہاتھی جب بھی اپنی مالکن کی مدھر آواز میں لوری سنتا ہے تو اسے نیند آجاتی ہے۔
ہاتھی سونے سے پہلے اپنی سونڈ سے خاتون کو قریب کر کے گلے لگاتا ہے اور پھر آہستہ آہستہ گھٹنوں کے بل بیٹھتے ہوئے سونے کے لیے لیٹ جاتا ہے۔ اس دوران خاتون مسلسل دھیمی آواز میں لوری گاتی رہتی ہے اور اپنے ہاتھ میں موجود ایک کپڑے سے ہاتھی پر بیٹھنے والی مکھیوں کو اُڑاتی رہتی ہے تاکہ وہ آرام سے سو سکے۔ خاتون ہاتھی کی سونڈ کے ساتھ پیار سے بیٹھ کر لوری گاتی رہتی ہے اور ہاتھی گہری نیند میں چلا جاتا ہے۔
خاتون کئی سالوں سے ہاتھیوں کے ساتھ رہ رہی ہے۔ ہاتھیوں کی نسل کو درپیش خطرات کے خلاف ہر مہم کا حصہ ہوتی ہے۔ خاتون کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ہاتھیوں کی باتیں بھی سمجھ سکتی ہے اور اس حوالے ان کی زندگی پر کئی ڈاکیومنٹریز بھی بن چکی ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو