ایکسچینج کمپنیوں پر عائد 16 فیصد ایف ای ڈی کے نوٹسز واپس

کراچی: وزیرخزانہ اسحق ڈار کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر نے رواں ماہ ایکسچینج کمپنیوں پرعائد کیے جانے والے16 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے نوٹسز واپس لے لیے ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ مالی سال2016-17 کے وفاقی بجٹ میں ایکسچینج کمپنیوں کوفیڈرل ایکسائزڈیوٹی سے مستثنیٰ اور مزید ترغیبات کا اعلان کیا جائے۔ وزیرخزانہ نے فاریکس ایسوسی ایشن کے صدرملک محمدبوستان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قانونی چینل سے ترسیلات زرکے حجم میں مزید اضافے اور منی مارکیٹ میں یکسوئی پیداکرنے کی خواہاں ہے تاکہ پاکستانی روپیہ کی قدرمستحکم ہوسکے۔فی الوقت ایکس چینج کمپنیاں33 فیصد ٹیکسوں کی ادائیگیاں کررہی ہیں جبکہ ایف بی آر اس ایف ای ڈی کو دوبارہ عائد کررہا ہے جسے وزیراعظم نوازشریف نے مارچ2014 کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ختم کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیوں پر16 فیصد ایف ای ڈی اور16 فیصد ایس آربی سیلزٹیکس عائد کردیا گیا تو یہ شعبہ 65 فیصد ٹیکسوں کے بھاری بوجھ کو برداشت نہیں کرسکے گا نتیجتا ایکسچینج کمپنیاں بندش کا شکارہوجائیں گی۔
جس کے نتیجے میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار پروان چڑھے گا۔ ملک بوستان نے حکومت کو تجویز دی کہ وہ مالی سال2016-17 کے وفاقی بجٹ میں ایکسچینج کمپنیوں کوان کمرشل ٹی ٹیز کی اجازت دے جوکمرشل بینکس اجرانہیں کرتے، اس اقدام سے سونا، لگژری گاڑیوں سمیت دیگردرآمدی شعبوں کی جانب سے زرمبادلہ کی ترسیل بھی حوالہ ہنڈی کے بجائے قانونی چینل سے ممکن ہوسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر400 منی ٹرانسفرکمپنیاں خدمات انجام دے رہی ہیں جن میں سے300 کمپنیاں مقامی کمرشل بینکوں کے ساتھ معاہدے کے ذریعے کاروبارکررہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت تمام غیرملکی منی ٹرانسفرکمپنیوں کے ساتھ مقامی ایکس چینج کمپنیوں کو بھی کاروباری معاہدے کرنے کی اجازت دے۔ اس اقدام سے انٹربینک مارکیٹ میں نہ صرف زرمبادلہ کی طلب میں کمی واقع ہوگئی بلکہ روزگار کے دگنے مواقع ہونے کے ساتھ ایکسچینج کمپنیوں کی ترسیلات زرکی موجودہ5 ارب ڈالرکاحجم بڑھ کر10 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
ملک بوستان نے ایکس چینج کمپنیوں کوجاری ہونے والے ایف ای ڈی نوٹسز کی واپسی پروزیرخزانہ اسحق ڈار سے تشکرکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس بروقت اقدام سے منی مارکیٹ میں اضطراب اورخوف و ہراس کی لہرختم ہوگئی ہے اور توقع ہے کہ روپے کی نسبت ڈالرسمیت دیگر کرنسیوں کی قدر میں مزید کمی واقع ہوسکے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایس آربی کی جانب سے16 فیصد سیلزٹیکس عائد کرنے کے فیصلے کوواپس لے جوکہ پنجاب ریونیو بورڈپہلے ہی واپس لے چکا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو