قوم کی دعائیں سب سے بڑا اثاثہ، تین سال کی محنت کا ثمر حاصل کر رہے ہیں، بجٹ میں کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج، یوریا کھاد کی قیمتیں کم کی جائیں: وزیراعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ 2016-17 کی تجاویز کی منظوری دیدی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پالیسیاں دیں اور تین سال کی محنت کا ثمر آج حاصل کر رہے ہیں، ہماری پالیسیوں سے ملک میں امن و امان بہتر ہوا ہے اور معیشت کے تمام اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔ میرے لئے قوم کی دعائیں ہی سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور میرا ایمان ہے کہ خلوص سے بھرپور یہ دعائیں ضرور قبول ہوںگی ۔ وزیر خزانہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ بجٹ میں کاشتکار بھائیوں کیلئے پیکیج دیا جائے اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون 2013ءمیں حکومت سنبھالی تو معیشت کی صورتحال انتہائی کمزور تھی، سرمایہ کاری میں مسلسل کمی کا سامنا تھا اور صنعتیں تباہ تھیں۔ معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے معاشی پالیسیاں تشکیل دیں جس کے باعث افراط زر تین فیصد سے کم ہو گیا ہے۔ ہماری پالیسیوں سے ملک میں امن وامان بہتر ہوا اور سرمایہ کاروں کا عتماد بڑھ رہا ہے، اس وقت معیشت مستحکم اور شرح نمو آٹھ سال کی بلند ترین سطح پر ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 21.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ توانائی منصوبوں کیلئے مناسب منصوبہ بندی کی ہے۔ تین سال بعد محنت کا ثمر حاصل کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت چوتھا بجٹ تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی انتھک محنت پر ان کو شاباش دیتے ہوئے بجٹ میں کاشتکاروں کیلئے خصوصی پیکیج دینے اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی کی قیمتوں کے باعث ہمارے کاشتکاروں بھائیوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ حکومت اس سے پہلے ناصرف کاشتکار بھائیوں کیلئے پیکیج کا اعلان کر چکی ہے بلکہ ان تک پہنچا بھی چکی ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کسانوں کی لاگت کو مزید کم کریں۔ یوریا کھاد کا اس میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور اس موقع پر ہم یقینا کہیں نہ کہیں سے پیٹ کاٹ کر کسان کی مشکل کو دور کر سکیں تو یہ بہت بڑی بات ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے صحت کے مسائل کا سامنا ہے جس کیلئے لندن آنا پڑا اور ڈاکٹروں نے میرا آپریشن ضروری قرار دیا ہے۔ مجھے علم ہے کہ پوری قوم میرے لئے دعائیں کر رہی ہے اور یہی دعائیں میرا اصل اثاثہ ہیں اور انہیں کی بدولت میں تمام مشکلات سے پہلے بھی نکل چکا ہے اور اور یہی دعائیں آج بھی میرے لئے سب سے بڑا سہارا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کے رفقاءاور کارکنوں کا بھی شکرگزار ہوں جو مسلسل میرے لئے دعا گو ہیں۔میں اپنی ماﺅں،بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا شکرگزار ہوں جو مسلسل میرے لئے دعائیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ساری توانائیاں پاکستان کی مٹی کیلئے وقف ہیں، میرے لہو کی ایک ایک بوند اور ایک ایک سانس مٹی کا قرض ادا کرتی رہے گی۔

پنھنجي راءِ لکو