نواز شریف کی صحت ان کے بچوں کے متضاد بیانات سے خراب ہوئی،شریف خاندان کا احتساب نہ ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے: عمران خان

کوہاٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بچوں کے متضاد بیانات ان کی طبیعت خراب کرنے کا سبب بنے ہیں۔اگر وہ متضاد بیانات نہ دیتے تو میاں صاحب ٹھیک رہتے۔
کوہاٹ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے بچوں نے ان کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔بیٹی کہتی ہے کہ بیرون ملک میرا کچھ نہیں۔ ایک بیٹا کہتا ہے کہ ہمارے لندن میں فلیٹ ہیں دوسرا کہتا ہے کہ ہمارے پاس کچھ نہیں تھا میرے والد ہمیں پیسے بھیجتے تھے جبکہ نواز شریف کہتے ہیں کہ میں نے کوئی پیسہ باہر نہیں بھیجا۔ ان حالات میں میاں صاحب کی حالت خراب نہ ہوتی توکیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف نے کرپشن نہیں کی تو کیوں ٹی او آرز سے ڈرتے ہو۔ انہوں نے چیلنچ کیا کہ جن ٹی او آرز کے تحت نواز شریف کا احتساب ہو انہی کے ذریعے میرا بھی کیا جائے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ ہم ان کو 2018 تک ڈھیل نہیں دینگے اگر ان کا احتساب نہ ہوا تو عمران خان عوام کو لے کر سڑکوں پر آئے گا۔نواز شریف کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ایک ہی رونا روتے ہیں کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کو بہت نقصان ہوا۔ حقیقت یہ ہے کہ اقتدار میں آنے سے پہلے ان کی ایک فیکٹری تھی جو 12سال میں 28ہو گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ عمران خان نے کسی کو ناجائز نوکری دی یا قرضہ لیا یا فیکٹری لگائی۔ان کا کہنا تھا کہ مغرب اس لئے آگے ہے کیونکہ ان کے لیڈر ایماندار ہیں۔اقتدار کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنا کرپشن ہے۔اگر شریف خاندان کا احتساب نہیں ہونا تو جیلوں میں بند تمام غریب افراد کو بھی رہا کیا جائے۔ہم نے کسی صورت بھی شریف خاندان کے احتساب سے پیچھے نہیں ہٹنا۔عمران خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سچی قیادت کی ضرورت ہے جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہو۔ اس قیادت کے اثاثے پاکستان میں ہونے چاہئیں۔ملک کو ایسی قیادت چاہئے جو اپنا احتساب خود کر سکے۔عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کا نام لئے بغیر کہا کہ اس بار الیکشن میں ڈیزل کو ٹینک میں ڈالنا ہے اس کو ووٹ نہیں دینا۔شدید گرمی میں بھی لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کا آنا حیران کن ہے۔جلسے میں آنے والے سب لوگوں کا شکر گزار ہوں۔ہم ایک عظیم قوم بنیں گے۔عمران خان نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کو ایسا بنا دیں گے کہ لوگ یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آیا کرینگے۔ہم دنیا سے قرض نہیں مانگیں گے بلکہ غریب ملکوں کو قرضے دیا کرینگے۔انہوں نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا نواز شریف کا احتساب چاہتے ہو تو لوگوں نے ہاتھ اٹھا کر ہاں میں جواب دیا۔

پنھنجي راءِ لکو