سرجری کے بعد وزیراعظم تیزی سے روبصحت

سلام آباد: وزیراعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف تیزی سے روبصحت ہورہے ہیں۔ وہ سیڑھیاں بھی چڑھے اور اترے اور ڈاکٹرز نے انھیں ہسپتال کی راہداری میں کئی مرتبہ چہل قدمی بھی کرائی۔
وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد سے ‘شریف کیمپ’ سے مریم نواز شریف نے میڈیا مینیجمنٹ کی کمان سنبھال رکھی ہے اور وہ اپنے والد کی طبی حالت سے متعلق اَپ ڈیٹس کرتی رہتی ہیں۔
وزیراعظم کے اوپن ہارٹ سرجری کے فیصلے سے لے کر آپریشن کے بعد ان کی پہلی تصویر ٹوئیٹ کرنے تک مریم نواز نے اس حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کیں کہ مریض کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں کب تک رکھا جائے گا اور یہ بھی کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کب تک متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 31 مئی کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی، جس کے بعد انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا۔
مریم نواز کے مطابق رمضان کے اختتام سے قبل وزیراعظم کی وطن واپسی متوقع ہے-
وزیراعظم کے طبی دورے پر روانگی کے بعد ہی مختلف حلقوں میں اس حوالے سے سوالات اٹھنا شروع ہوگئے تھے کہ ان کی غیر موجودگی میں امور مملکت کس کے سپرد ہوں گے، جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے بیان جاری کیا گیا کہ وزیراعظم لندن سے ہی تمام ملکی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ہارٹ سرجری سے قبل وزیراعظم نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت بھی کی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئیں بجٹ تجاویز کی منظوری بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.