نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں ہندوستانی شمولیت کا امریکا حامی

واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما نے ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ ( این ایس جی) میں شمولیت کی حمایت کا اعلان کردیا۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران اس بات کا اعلان کیا کہ امریکا، ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ ( این ایس جی ) میں شمولیت کی حمایت کرے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل نیو یارک ٹائمز کے ایک اداریے میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں رکنیت اس وقت تک میرٹ پر نہیں اترتی جب تک ہندوستان گروپ کے معیار پر پورا نہیں اترتا۔

این ایس جی 48 ممالک کا ایک گروپ ہے جو نیوکلیئر ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کام کرتا ہے۔

امریکی صدر براک اومابا کا کہنا تھا کہ ہم نے سول نیوکلیئر توانائی کے حوالے سے بات کی اور یقین ہے کہ ہماری حمایت ہندوستان کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا رکن بننے میں مدد فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی ہندوستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، ہندوستان کو اس گروپ کا رکن بننا چاہیے اور ہندوستانی وزیر اعظم کا نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ میں اہم کردار رہا ہے۔

ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے امریکی صدر سے ملاقات کے دوران ہندی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی حمایت کرنے پر امریکا کے بے حد مشکور ہیں، ہندوستان اور امریکا دونوں دہشت گردی کے خلاف جنگ، عالمی دنیا کو لاحق خطرے سے بچانے اور نیوکلیئر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں شمولیت کے لیے باضابطہ درخواست دے رکھی ہے لیکن پاکستان اور ہندوستان جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کیے بغیر نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت حاصل نہیں کرسکتے۔

پنھنجي راءِ لکو