زخموں کو انتہائی تیزی سے ٹھیک کرنے والی ڈیوائس تیار

نیویارک: امریکی کمپنی نے ایسی گن تیار کی ہے جو آگ سے جلے انسان کے جسم سے خلیے حاصل کرکے انہیں زخم پر اسپرے کرکے زخم کو جلد ٹھیک کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ویسے تو آپ نے بندوقوں سے انسانوں کے زخمی ہونے کے بارے میں ہی سنا ہو گا لیکن اب امریکی ماہرین نے ایسی گن تیار کی ہے جس کی مدد سے ہر طرح کے زخموں خصوصاً آگ سے جلنے کے زخموں کو انتہائی تیز رفتاری سے ٹھیک کیا جا سکے گا۔
اس ڈیوائس کو ’’اسکن گن‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ گن بالکل جادوئی انداز میں کام کرتے ہوئے عام طریقوں سے 200 گنا تیزی سے زخموں کو مندمل کرنے میں مدد دیتی ہے۔ عام طریقوں میں جلنے کے زخموں کو ٹھیک کرنے کا نہ صرف دورانیہ انتہائی طویل ہوتا ہے بلکہ اس دوران مریض انتہائی درد بھی برداشت کرتا ہے جب کہ زخم ٹھیک ہو جانے کے باوجود اپنے گہرے نشانات بھی چھوڑ جاتا ہے۔
آگ سے متاثرہ انسانوں کی مدد کرنے والی اس گن کا گزشتہ دنوں سائنسدانوں نے کامیاب تجربہ کر کے دکھایا۔ یہ گن زخمی کے جسم سے خلیے ایک چھوٹی سی ڈیوائس کی مدد سے کھینچ کر جمع کرتی ہے اس کے بعد ان خلیوں کو انتہائی تیزی لیکن نرمی کے ساتھ زخم پر اسپرے کرتی ہے تاکہ یہ خلیے متاثر نہ ہوں۔
ایک اسپرے میں یہ گن 20 ہزار خلیوں کو متاثرہ جلد پر منتقل کرتی ہے جو کہ عام سرنج کے ذریعے رائج طریقہ علاج کے مقابلے میں کہیں گنا زیادہ ہے۔ اس اسپرے کے دوران 97 فیصد خلیے درست طریقے سے جلد پر پہنچ کر زخم کو انتہائی تیزی سے بھرنے کا عمل شروع کر دیتے ہیں۔ اس طرح نہ صرف زخم انتہائی تیزی سے بھرتا ہے بلکہ انسان اپنی ہی جلد زخم پر دوبارہ حاصل کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو