ایپل واٹس ایپ کا مضبوط حریف لانے کے لیے تیار؟

اس وقت واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ہے جس کے صارفین کی تعداد دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد ہے جس کی وجہ اس کو آسانی سے استعمال کرنا، محفوظ اور ہر اسمارٹ فون پلیٹ فارم پر دستیاب ہونا ہے تاہم اب لگتا ہے اسے ایپل کے آئی میسج کی شکل انتہائی مضبوط حریف کا سامنا ہوگا۔

جی ہاں ایپل نے آخرکار اپنی میسجنگ ایپ آئی میسج کو اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ واٹس ایپ کو آڑے ہاتھوں لینا چاہتی ہے۔

اگر ایسا واقعی ہوتا ہے تو مستقبل قریب میں لوگوں کے لیے میسجنگ ایپ کا تجربہ مکمل طور پر بدل سکتا ہے۔

آئی میسج دنیا کی محفوظ ترین وائس اور ویڈیو چیٹنگ ایپس میں سے ایک ہے اور ایپل کے حوالے سے اطلاعات سامنے لانے والی سائٹ میک ڈیلی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب یہ کمپنی اینڈرائیڈ پر اس ایپ کو جاری کرنے کا سوچ رہی ہے۔

یہ اقدام اتنا حیران کن بھی نہیں کیونکہ ایپل نے گزشتہ سال نومبر میں ایپل میوزک کو اینڈرائیڈ کے لیے جاری کرکے تجربہ کیا تھا اور اس کے سی ای او ٹم کک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ آئی میسج سمیت دیگر ایپس کو بھی گوگل کے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنائیں گے۔

ایپل کا یہ اقدام درحقیقت فیس بک کو زیادہ متاثر کرے گا کیونکہ اس کی دو ایپس میسنجر اور واٹس ایپ کے مقابلے میں ایک بڑا حریف آجائے گا جس میں وہ تمام فیچرز موجود ہیں جو فیس بک کی ایپس میں لوگ استعمال کرتے ہیں۔

آئی میسج کو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کراکے ایپل اس پلیٹ فارم کو اپنی سروسز انڈسٹری کی ترقی کے لیے استعمال کرے گی کیونکہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران آئی فونز کی فروخت میں کمی سے اس کے منافع میں کمی آئی ہے۔

اور ہاں ایپل کا آئی میسج اتنا محفوظ ہے کہ اس میں پیغامات کو حاصل کرنا سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی ممکن نہیں جس کی مثال گزشتہ دنوں ایپل اور ایف بی آئی کے درمیان تنازعے میں سامنے آئی جس میں ایپل نے ڈیٹا دینے سے صاف کردیا اور مقدمہ بھی جیتا۔

پہلے توقع کی جارہی تھی کہ ایپل کی جانب سے اس حوالے سے اعلان گزشتہ روز ہونے والی سالانہ ڈویلپر کانفرنس میں کیا جائے گا تاہم لگتا ہے کہ اسے کچھ عرصے کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

جس کی وجہ ایپل کی جانب سے آئی میسج میسنجر میں اپ ڈیٹ کو متعارف کرانا ہے جن میں میوزک شیئرنگ فنکشن، ڈیجیٹل ٹچ کی پیڈ، فل اسکرین ایفیکیٹ اور ایموجیز سمیت متعدد تبدیلیاں پیش کی گئی ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو