پاک افغان سرحد پر دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے پورٹ انفراسٹرکچر بنانا چاہتے ہیں:خرم دستگیر

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب پورٹ انفراسٹرکچر بنانا چاہتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر دوطرفہ تجارتی معاملات کو کنٹرول کرنے کیلئے اور غیر قانونی آمد و رفت کو روکنے کیلئے سرحد کے قریب پورٹ انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر کشیدگی دوطرفہ تجارتی تعلقات کو متاثر کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات پر بھی منفی اثرات مرتب ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ پاک افغان سرحد پار کرتے ہیں، پاکستان میں داخل ہونے والے تمام لوگوں کا سرحد پر ریکارڈ ہونا چاہیے تاکہ ان کو واپس افغانستان بھیجنے کیلئے ایکشن لیا جا سکے۔ افغانستان کیلئے ہماری پالیسی واضح ہے، ہم افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن ہو تاکہ سرحد پر کشیدگی بھی پیدا نہ ہو اور پاکستان میں بھی امن ہو جائے۔

پنھنجي راءِ لکو