نائیجیریا: بوکو حرام کی فائرنگ سے 24 افراد ہلاک

کانو: نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں بوکو حرام کے جنگجوؤں کی فائرنگ سے 24 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی حکومت کے چیئرمین مائینا اولارمو کا کہنا تھا کہ واقعہ ریاست اڈاماوا کے ٹاؤن گولاک کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔

انھوں نے بتایا کہ حملہ مقامی رہنما کی موت پر ہونے والی سوگ کی تقریب کے موقع پر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر آئے اور ہجوم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوئے، جن میں بیشتر خواتین تھیں، حملہ آوروں نے خوراک لوٹی اور گھروں کو آگ لگا دی، یہ ساری کارروائی انھوں نے ایک گھنٹے میں مکمل کی اور اس کے بعد فرار ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ گولاک میں ہر جانب بوکو حرام کے جنگجو موجود ہیں لیکن مذکورہ کارروائی میں شامل افراد کا تعلق ایک قریبی گاؤں سے ہے اور وہ بیشتر خوراک کیلئے حملہ کرتے ہیں۔

مائینا اولارمو کا کہنا تھا کہ ہمارے وہ لوگ جو بوکو حرام کے حملوں کی وجہ سے علاقے سے ہجرت کر گئے تھے اب لوٹ رہے ہیں کیونکہ وہ کیمپوں میں نہیں رہ سکتے۔

ریاست کی پولیس کے ترجمان اوتھمان ابو بکر نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم انھوں نے ہلاکتوں کی تعداد 18 بتائی اور دیگر کو زخمی قرار دیا۔

اس سے قبل رواں سال 9 جنوری کو بوکو حرام نے اڈاماوا کے قریبی علاقے ماڈاگالی میں فائرنگ کرکے 7 افراد کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی کردیا تھا۔

گذشتہ سال 28 دسمبر کو دو خواتین خود کش حملہ آوروں نے ماڈاگالی کی ایک مارکیٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس میں 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 2009 سے نائیجیریا میں شروع ہونے والی شورش میں اب تک 20,000 افراد ہلاک اور 26 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ نائیجیریا میں بوکو حرام نامی شدت پسند تنظیم مختلف ریاستوں کی حکومتوں کے خلاف مسلح کارروائیوں میں ملوث ہے اس کے علاوہ یہ تنظیم نائیجیریا کے ایک اسکول سے 200 سے زائد طالبات کے اغوا میں بھی ملوث ہے۔

پنھنجي راءِ لکو