دورہ انگلینڈ کیلئے عامر اور یاسر اہم ترین ہتھیار

قومی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز اظہر علی نے دورہ انگلینڈ کیلئے یاسر شاہ اور محمد عامر کو سب سے اہم ہتھیار قرار دیا ہے۔

انہوں نے ڈان سے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر ایک بہترین باؤلر ہیں اور کرکٹ میں واپسی کے بعد انہوں نے دوبارہ خود کو منوایا ہے جبکہ یاسر شاہ کا بھی ٹیسٹ کرکٹ کا ریکارڈ بہت غیر معمولی ہے اور یہ دونوں پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہتھیار ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں اظہر نے کہا کہ محمد عامر کیلئے دیگر ملکوں کی نسبت دورہ انگلینڈ زیادہ مشکل ہو گا لیکن ان میں دباؤ کو جھیلنے اور بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

2010 میں آسٹریلیا کے خلاف لارڈز کے مقام پر ڈیبیو کرنے والے اظہر علی نے کہا کہ دورہ انگلینڈ چیلنجنگ ہو گا لیکن سابقہ تجربے کی بدولت مشکل کنڈیشنز اور انگلینڈ کے ورلڈ کلاس باؤلنگ اٹیک سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں انگلش کنڈیشنز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتا ہوں کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر بہترین کھلاڑی تصور کیا جاتا ہے۔

ایک روزہ میچوں میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بارے میں سوال پر اظہر نے کہا کہ ہم اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں اور انگلینڈ کے خلاف بہتر کارکردگی دکھا کر سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ اپنی رینکنگ بہتر بنانے کی بھی کوشش کریں گے۔

نئے کوچ کے حوالے اظہر نے کہا کہ مکی آرتھر کے پاس بہت تجربہ ہے اور ایشیا سے باہر کوچنگ کا ان کا تجربہ ہمارے کام آئے گا اور مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم کی قسمت کو بدل دیں گے۔

پنھنجي راءِ لکو