حکومت بارہویں روز بھی کورم پورا نہ کرسکی،قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )حکومت بارہویں روز بھی کورم پورا کرنے میں ناکام ہو گئی،کورم کی نشاندہی پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ کی باقاعدہ منظوری دی جانی ہے لیکن ارکان ایوان کا رخ ہی نہیں کررہے ۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا تو ایوا ن میں صرف 40ارکان موجود تھے جس پرتحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کورم کی نشاندہی کر دی جس کے باعث اجلاس کی مزید کارروائی کو موخر کرنا پڑا۔
اس موقع پر ایاز صادق نے شیریں مزاری سے کہا کہ مجھے پتہ تھاکہ کورم کی نشاندہی آپ ہی نے کرنی ہے جس پر رہنما تحریک انصاف نے کہا کہاجلاس میں صرف 40ارکان موجود ہیں،کورم پورا رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔حکومتی رکن اسمبلی شیخ آفتاب نے شیریں مزاری سے کورم کی نشاندہی نہ کرنے کیلئے منت سماجت کی لیکن مزاری نے ایک نہ سنی جس پر اجلاس کو ملتوی کرنا پڑا ۔اس حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کورم پورا نہ کرنے پر حکومت چلو بھر پانی میں ڈوب مرے۔

پنھنجي راءِ لکو