آئی فونز چینی کمپنی کی نقل؟

ایپل کے آئی فونز کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ اس سے اچھے اسمارٹ فونز ہو ہی نہیں سکتے مگر کیا یہ معروف کمپنی اپنی ڈیوائسز کسی اور کی نقل پر بھی بناتی ہے؟ کم از کم چین کا تو یہی ماننا ہے۔

جی ہاں چین میں ایپل کے آئی فون سکس اور سکس پلس کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے کیونکہ بظاہر یہ ایک غیر معروف چینی کمپنی کے اسمارٹ فونز سے بہت زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق چین کی ایک کمپنی نے، جو 5.5 انچ کے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز 100cc فروخت کرتی ہے، دعویٰ کیا ہے کہ ایپل نے اپنے آئی فون سکس اور سکس پلس میں اس کے ڈیزائن کو چوری کرکے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کی ہے۔

چین کے کاپی رائٹس کا خیال رکھنے والے ادارے نے چینی کمپنی شینزین بیلی کے دعوے سے اتفاق کیا ہے اور ایپل کو اپنے اسمارٹ فونز فروخت کرنے سے روک دیا ہے۔

ایپل کا اس حوالے سے موقف ہے کہ ہم نے اس پابندی کے انتظامی حکم کے خلاف ریجنل پیٹنٹ ٹربیونل میں درخواست دائر کی ہے اور اس حوالے سے سماعت جاری ہے۔

ایپل کے فونز پر یہ پابندی گزشتہ ماہ کے آخر میں عائد کی گئی تھی تاہم اس کا انکشاف اب ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 100cc نامی چینی فون کی فروخت ایپل کے آئی فون سکس اور سکس پلس کے بعد شروع ہوئی تھی۔

یہ تینوں فونز 2014 میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے۔

چین کی جانب سے پابندی کے باعث آئی فونز کی فروخت میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم وہاں اب بھی گزشتہ سال متعارف کرائے جانے والے آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس کی فروخت جاری ہے۔

پنھنجي راءِ لکو